پاکستانی طیاروں کی افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 مبینہ کیمپوں پر بمباری
25 Dec 2024 13:01
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع برنال کے علاقے مرغا اور لامان میں ٹی ٹی پی کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک کیمپ شیر زمان عرف مخلص یار، کمانڈر ابو حمزہ، کمانڈر اختر محمد زیراستعمال تھا۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لڑاکا طیاروں نے افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیکا میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 مبینہ کیمپوں پر بمباری کی، جس میں کئی مشتبہ دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع برنال کے علاقے مرغا اور لامان میں ٹی ٹی پی کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک کیمپ شیر زمان عرف مخلص یار، کمانڈر ابو حمزہ، کمانڈر اختر محمد اور ٹی ٹی پی کے میڈیا ونگ کے سربراہ عمر میڈیا کے زیر استعمال تھا۔ افغان وزارت دفاع کی طرف سے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں طالبان حکومت نے پاکستانی فورسز کی جانب سے کیے گئے حملے کی رپورٹس کی تصدیق کی، لیکن دعویٰ کیا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کئی بچے اور دیگر شہری شامل ہیں۔ یہ حملے اسی دن ہوئے جب نمائندہ خصوصی محمد صادق کی قیادت میں پاکستانی وفد نے کابل میں افغان عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی اور وزیر خارجہ امیر متقی سے ملاقات کی تاکہ ایک سال کے طویل وقفے کے بعد سفارتی بات چیت بحال کی جاسکے۔
خبر کا کوڈ: 1180362