تل ابیب کو ہائپر سونک میزائل کیساتھ نشانہ بنایا ہے، یمن کا اعلان
25 Dec 2024 12:33
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمن نے تل ابیب میں واقع ایک اہم صہیونی ہدف کو فلسطین 2 بیلسٹک میزائل کیساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا ہے
اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی میزائل یونٹ نے فلسطین 2 نامی ہائپرسونک میزائل کے ذریعے مقبوضہ یافا (تل ابیب) میں واقع غاصب صہیونی دشمن کے ایک اہم فوجی ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔ اگرچہ اسرائیلی رژیم نے آج صبح انجام پانے میزائل حملے کو ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے، تاہم بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے واضح کیا کہ داغے گئے میزائل نے اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے تاکید کی کہ یمنی مسلح افواج نے یہ آپریشن مظلوم فلسطینی عوام اور ان کی دلیر مزاحمت کی حمایت اور غاصب اسرائیل رژیم کے جاری جرائم کے جواب میں، غزہ کی حمایت پر مبنی اپنے مزاحمتی آپریشن ''فتح الموعود و الجهاد المقدس'' کے پانچویں مرحلے کے تحت انجام دیا ہے۔ جنرل یحیی السریع نے مزید کہا کہ یمنی مسلح افواج غزہ کی پٹی میں جاری نسل کشی سے مقابلے کے لئے اسرائیلی دشمن کے خلاف اپنی مزاحمتی کارروائیاں جاری رکھیں گی تاوقیکہ غزہ کی پٹی کے خلاف جاری صیہونی جنگ اور اس کا غیر انسانی محاصرہ ختم نہ ہو جائے۔
خبر کا کوڈ: 1180358