QR CodeQR Code

گلگت، شارٹ کورسز کے طلبہ میں پہلی مرتبہ لیپ ٹاپ تقسیم

25 Dec 2024 12:15

یہ لیپ ٹاپس نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) گورنمنٹ آف پاکستان کی چیئرپرسن گل مینہ بلال احمد کی خصوصی کاوشوں کے تحت ای کامرس اور ایمازون کورسز کے تربیت یافتہ نوجوانوں کو دئیے گئے


اسلام ٹائمز۔ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ گلگت میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ یہ لیپ ٹاپس نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) گورنمنٹ آف پاکستان کی چیئرپرسن گل مینہ بلال احمد کی خصوصی کاوشوں کے تحت ای کامرس اور ایمازون کورسز کے تربیت یافتہ نوجوانوں کو دئیے گئے، جنہوں نے اپنی تربیت مکمل کر کے اپنا کاروبار اور آن لائن بزنس شروع کیا ہوا ہے اور اپنے ذرائع آمدن میں زبردست اضافہ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شارٹ کورسز میں کامیاب ہونے والے طلبہ میں پورے پاکستان میں پہلی مرتبہ لیپ ٹاپس گلگت بلتستان میں تقسیم کیے گئے جسے ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ 

 
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) گلگت بلتستان کیپٹن (ریٹائرڈ) مشتاق احمد اور ہوم سیکریٹری گلگت بلتستان سید اصغر بھی مہمانوں میں شامل تھے۔ تقریب کا آغاز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کردہ پریزینٹیشن سے ہوا جس میں اب تک کی کارکردگی اور اصلاحات پر روشنی ڈالی گئی۔ سیکریٹری ڈیپارٹمنٹ آف ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن گلگت بلتستان فرید احمد نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا استقبال کیا اور محکمہ ہذٰا کی موجودہ سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ 
 
انہوں نے یورپی یونین اور برٹش کونسل کے تعاون سے علاقے کے نوجوانوں کے وسیع تر مفاد میں شروع کی جانے والی مستقبل کی سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا۔ سیکریٹری فرید احمد نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر جی بی کے پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹس میں سول، الیکٹریکل اور آئی ٹی کے مضامین میں تین سالہ DAE کی کلاسز شروع کی گئی ہیں اور اگلے سال سے مذید دو اہم مضامین ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی منیجمنٹ اور جی آئی ایس مائننگ میں DAE کی کلاسز شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلٹی منیجمنٹ میں DAE پورے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہو گا۔ 
 
تقریب کے دوران فرید احمد نے بتایا کہ محکمہء ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن گلگت بلتستان کے ماتحت چلنے والے تمام ٹیکنیکل ادارے اب ماڈل انسٹیٹیوٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر گلگت کو NAVTTC کی جانب سے سینٹر آف ایکسیلینس (CoE) قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ برٹش کونسل کے مالی تعاون سے گلگت بلتستان کے تمام تین ڈویژنز کے لیے مزید ایک سنٹر آف ایکسیلینس(CoE) کے قیام کی بھی منظوری دی جا چکی ہے جس پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان تمام اقدامات سے گلگت بلتستان میں ٹیکنیکل ایجوکیشن میں بہت بڑی تبدیلی اور کامیابی حاصل ہو سکے گی اور روزگار اور آمدن کے لیے بہترین راہ ہموار ہو گی۔ 
 
ریجنل ڈائریکٹر NAVTTC ذیشان علی نے علاقے میں ادارے کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں اور جی بی گورنمنٹ کو مستقبل میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف سیکریٹری جی بی ابرار احمد مرزا نے تمام ڈونرز بالخصوص گل مینہ بلال احمد کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب تربیت یافتہ طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی جنہیں لیپ ٹاپس دیئے گئے۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات سے ان کے تجربات اور مسائل پر گفتگو کی اور جی بی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
 
چیف سیکریٹری نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گلگت کو ہدایت دی کہ وہ ان تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے کم سود پر قرضے فراہم کرنے کا ایک مؤثر نظام تیار کریں تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مزید فروغ دے سکیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے گلگت شہر کے مرکزی علاقے میں ایک اور گورنمنٹ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کھولنے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ہنر کی تربیت دی جا سکے اور وہ ایک کامیاب اور باوقار کیریئر کے ذریعے ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکیں۔


خبر کا کوڈ: 1180352

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180352/گلگت-شارٹ-کورسز-کے-طلبہ-میں-پہلی-مرتبہ-لیپ-ٹاپ-تقسیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com