QR CodeQR Code

بھارت، جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرے، حریت کانفرنس

25 Dec 2024 11:17

ترجمان حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں اس کے مکینوں کی سیاسی آوازوں اور سرگرمیوں کو بندوق اور کالے قوانین کے تحت خاموش کرایا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ترک کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں اضافے کی شدید مذمت کی جس کا مقصد کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے کے محصور اور مظلوم عوام کے ساتھ روا رکھے جانیوالے غیر انسانی رویے پر بھارتی فورسز اور بی جے پی کے مقرر کردہ فرقہ پرست لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں اس کے مکینوں کی سیاسی آوازوں اور سرگرمیوں کو بندوق اور کالے قوانین کے تحت خاموش کرایا جا رہا ہے اور انہیں سزا یافتہ مجرموں اور غلاموں سے بھی بدتر زندگی گزارنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگی قیدی بھی بین الاقوامی قوانین کے تحت سہولیات کے حقدار ہیں لیکن 10لاکھ سے زائد بھارتی قابض فوج کے محاصرے کا شکار کشمیری عوام مودی حکومت کی مسلط کردہ غیر اعلانیہ جنگ کے تحت جہنم جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

حریت ترجمان نے بجبہاڑہ اور پہلگام میں نام نہاد ریلوے منصوبوں اور سرینگر میں سیٹلائٹ ٹائون شپ کے مجوزہ منصوبوں کے ذریعے ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے کی کوششوں سمیت بھارت کے جابرانہ اقدامات کی مذمت کی۔ انہوں نے ان اقدامات کو کشمیر مخالف ایجنڈے کا حصہ قرار دیا جس کا مقصد مسلم اکثریتی خطے کی آبادی کو تبدیل کرنا اور مقامی لوگوں کی معاشی اور سماجی نقل و حرکت کو محدود کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مضحکہ خیز اور نظریاتی سازشیں مقبوضہ کشمیر میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے پر قابض حکام کی مذمت کی اور اسے مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔ انہوں نے میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل نظربندی پر بھی کڑی تنقید کی۔ حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں جاری نسل کشی رکوانے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔


خبر کا کوڈ: 1180336

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180336/بھارت-جموں-کشمیر-کی-متنازعہ-حیثیت-تسلیم-کرے-حریت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com