QR CodeQR Code

عراق کا موقف علاقائی تنازعات میں داخل نہ ہونا ہے، محمد شیاع السوڈانی

25 Dec 2024 07:54

اپنے ایک خطاب میں عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لبنان اور غزہ کی پٹی کی عوام کیخلاف صیہونی جارحیت کی وجہ سے ہم ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ گزشتہ روز عراق کے وزیراعظم "محمد شیاع السوڈانی" نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں ہمارا موقف یہ تھا کہ علاقائی تنازعات میں مداخلت اور جنگوں سے بچا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بغداد کے ایک گرجا گھر میں منعقدہ کرسمس کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لبنان اور غزہ کی پٹی کی عوام کے خلاف صیہونی جارحیت کی وجہ سے ہم ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ اس مرحلے پر عالمی برادری کی اپنی ذمے داریوں پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہم نے صیہونیوں کے ہاتھوں مسلمانوں اور عیسائیوں کو نشانہ بنتے دیکھا۔ محمد شیاع السوڈانی نے کہا کہ ان جرائم کے خلاف عراق نے واضح موقف اپنایا۔ ہم نے اپنے ملک کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے کسی بھی محاذ آرائی کا حصہ بننے سے بغداد کو بچایا۔ میں اپنے شہریوں کو اطمینان دلاتا ہوں کہ حکومت، تمام سیاسی جماعتیں، عراق کی مذہبی قیادت اور عوام اپنے ملکی مفاد کے تحفظ کے لئے ایک پیج پر ہیں۔

قبل ازیں اطالوی وزیر دفاع "گیڈو کرسٹو" سے ملاقات میں عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ دمشق کے اداروں کو شامی عوام کی مدد سے چلانے کے لئے ایسی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے جو بیرونی مداخلت کے ذریعے اس ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی سے پاک ہو۔ اس ملاقات کی تفصیلات عراقی وزارت عظمیٰ کے دفتر کی جانب سے ایک جاری بیان کے ذریعے فراہم کی گئیں۔ محمد شیاع السوڈانی نے عراق سے داعش کے خاتمے کے لئے نیٹو اور بین الاقوامی عسکری اتحاد میں اٹلی کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عراق خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لئے علاقائی ممالک سے تعاون کے لئے تیار ہے۔ دوسری جانب اطالوی وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تعاون کی بنیاد پر عراق کے ساتھ تعلقات میں وسعت کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لئے باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


خبر کا کوڈ: 1180294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180294/عراق-کا-موقف-علاقائی-تنازعات-میں-داخل-نہ-ہونا-ہے-محمد-شیاع-السوڈانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com