پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی
25 Dec 2024 01:58
گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کے اجلاس میں رحیم یار خان اور ملتان کی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کی سربراہی پیپلز پارٹی کو دینے اور منتخب ارکان اسمبلی کو مساوی فنڈز دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کا اجلاس ختم ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے آغاز میں ہی پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ نون پر دوٹوک موقف واضح کر دیا، پیپلز پارٹی نے موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ نون اتحادی حکومت کے معاملات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتی تو واضح کردے ہم اپنا آئندہ کا لائحہ عمل خود طے کر لیں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ نون نے موقف اختیار کیا کہ اجلاس میں مختلف امور پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، پیپلز پارٹی کے تحفظات کو دور کر کے ہم معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔
اجلاس میں رحیم یار خان اور ملتان کی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کی سربراہی پیپلز پارٹی کو دینے اور منتخب ارکان اسمبلی کو مساوی فنڈز دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ضلعی سطح پر مختلف کمیٹیوں میں پیپلز پارٹی کو نمائندگی دی جائے گی، پوسٹنگ ٹرانسفر میں پیپلز پارٹی سے مشاورت پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔گورنر ہاؤس میں ہونیوالے اجلاس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف، مخدوم احمد محمود، علی حیدر گیلانی، ندیم افضل چن، حسن مرتضیٰ شریک تھے۔ مسلم لیگ کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اجلاس میں شریک تھے۔
خبر کا کوڈ: 1180282