QR CodeQR Code

اقتصادی امور ڈویژن نے 5 ماہ کے دوران بیرونی قرضوں اور گرانٹس کی تفصیلات جاری کر دیں

25 Dec 2024 00:14

ابتدائی 5 ماہ میں آئی ایم ایف کے علاوہ دیگر اداروں اور ممالک سے 2.57 ارب ڈالر ملے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 76 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز فراہم کیے۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ اقتصادی امور ڈویژن نے 5 ماہ میں بیرونی قرضوں اور گرانٹس کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا نومبر 3 ارب 57 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی، فنڈنگ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد کمی ہوئی۔ بیرونی فنڈنگ میں آئی ایم ایف قرض پروگرام کی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط بھی شامل ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں بیرونی فنڈنگ میں 43 فیصد کمی ہوئی، تاہم آئندہ مہینوں میں اس میں تیزی متوقع ہے۔ رواں مالی سال 24 ارب ڈالر کی مجموعی بیرونی مالی معاونت ملنے کا تخمینہ ہے۔ چین، سعودی عرب، یو اے ای کا 12 ارب ڈالر کا مجموعی قرضہ رول اوور ہونے کا بھی امکان ہے۔

 
رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر کی ادھار تیل کی سہولت ملنے کا بھی امکان ہے۔ ابتدائی 5 ماہ میں آئی ایم ایف کے علاوہ دیگر اداروں اور ممالک سے 2.57 ارب ڈالر ملے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 76 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز فراہم کیے۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔ عالمی بینک نے 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا رعائتی قرض دیا۔ اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ چین نے 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور فرانس 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فنڈز دیے۔ پانچ ماہ میں امریکا نے 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی فنڈنگ فراہم کی۔
 
پانچ ماہ میں چین کا 20 کروڑ ڈالر کا قرضہ رول اوور کیا گیا۔ مزید برآں نیوز ایجنسی کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران حکومت نے مختلف فنانسنگ ذرائع سے 2.6 ارب ڈالر قرض لیا۔ جاری دستاویز کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال کیلئے 9 ارب ڈالر کے ٹائم ڈپازٹس کا بجٹ مختص کیا۔ رواں سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران مختلف فنانسنگ ذرائع سے 2.6 ارب ڈالر قرض لیا۔ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 4.2 ارب ڈالر قرض لیا گیا تھا۔ 2.6 ارب ڈالر قرض میں آئی ایم ایف سے موصول ہونے والی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط شامل نہیں۔ 
 
دستاویز کے مطابق 5 ارب ڈالر سعودی عرب کی ٹائم ڈپازٹ اور 4 ارب ڈالر سیف چائنا ڈپازٹ شامل ہیں، تاہم اس مد میں پہلے 5 ماہ میں کوئی رقم موصول نہیں ہوئی۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے امداد کا بھی کوئی ذکر نہیں۔ دسمبر میں سعودی عرب نے پاکستان کے پاس رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں مزید ایک سال کی توسیع کی۔ 


خبر کا کوڈ: 1180256

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180256/اقتصادی-امور-ڈویژن-نے-5-ماہ-کے-دوران-بیرونی-قرضوں-اور-گرانٹس-کی-تفصیلات-جاری-کر-دیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com