یمنی فوج کا مقبوضہ یافا میں واقع اہم اسرائیلی فوجی ہیڈکوارٹر پر کامیاب میزائل حملہ
24 Dec 2024 22:08
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ یافا (تل ابیب) میں واقع غاصب صیہونی رژیم کے ایک اہم فوجی ہیڈکوارٹر کو فلسطین-2 نامی ہائپرسونک یمنی میزائل کیساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے
اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے مقبوضہ فلسطینی شہر یافا (تل ابیب) میں واقع غاصب صیہونی رژیم کے ایک اہم فوجی ہدف پر کامیاب میزائل حملے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ 1 فلسطین-2 نامی ہائپرسونک میزائل کے ذریعے انجام دیا گیا ہے۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ یہ حملہ فلسطینی قوم کی حمایت کے سلسلے و غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے جواب میں انجام پایا ہے، یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ یمنی مسلح افواج امریکہ، اسرائیل و برطانیہ کی جارحیتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے انتہائی سطح کی تیاری رکھتی ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ جب تک غزہ پر مسلط کردہ انسانیت سوز صیہونی جنگ اور غزہ کی پٹی کا غیر انسانی محاصرہ ختم نہیں ہو جاتا، یمنی مزاحمتی آپریشن جو فلسطینی قوم کے تئیں مذہبی، اخلاقی و انسانی فریضہ ہے، جاری و ساری رہیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1180227