کرم میں بدامنی مرکزی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی کمزوری سے ہوئی، سراج الحق
24 Dec 2024 21:39
پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں اور جو پارٹی اکثریت میں آئے اسے حکومت حوالہ کی جائے۔
اسلام ٹائمز۔ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں افرتفری اور غیر یقینی صورتحال ہے، خاص کر خیبر پختونخوا میں بدامنی ہے، سڑکیں غیر محفوظ ہیں، کسی کی جان و مال محفوظ نہیں اور یہی صورتحال صوبہ بلوچستان میں بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پشاور میں حدیقتہ العلوم پشاور میں دستار بندی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالوسع، سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکر چترالی، سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو آئین پر مکمل عمل پیرا ہونا ہوگا، تب جا کر مسائل حل ہونگے۔ مرکزی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں ڈاکوؤں کا راج ہے، پنجاب میں بھی صورتحال ٹھیک نہیں، مدارس کے رجسٹریشن کے حوالے سے جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ تمام مکاتب فکر علماء کے باہمی اتفاق رائے سے ایک مربوط طریقے سے رجسٹریشن کی جائیں، جس میں سب کی رائے شامل ہو۔ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں بدامنی کی صورتحال مرکزی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی کمزوری سے ہوئی ہے، جس کا فوری پُر امن حل بہت ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کے اصرار پر اپوزیشن کے اتحاد کے بارے میں جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں اور جو پارٹی اکثریت میں آئے اسے حکومت حوالہ کی جائے۔
خبر کا کوڈ: 1180224