QR CodeQR Code

قرآن پاک پر عمل کرنا باعث نجات ہے، علامہ مقصود ڈومکی

24 Dec 2024 16:23

شکار پور میں طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ قرآن مجید کا پڑھنا باعث ثواب سمجھنا باعث ہدایت اور قرآن پاک پر عمل کرنا باعث نجات ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ انبیاء کرام عالم انسانیت کے ہادی، رہبر اور رہنما ہیں۔ جن کی سیرت طیبہ عالم انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع شکارپور کے گاؤں پیر چنڈام کے دورے کے موقع پر طلباء و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے تحصیل صدر سید نوید علی شاہ، مولانا احسان علی ابڑو اور سابقہ تحصیل صدر ایم ڈبلیو ایم مستنصر مہدی ابڑو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے قرآن اور دینیات کے طلباء اور طالبات کو علوم قرآن کی اہمیت اور قرآن کریم پڑھنے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کتاب ہدایت اور مکمل نظام حیات ہے۔ قرآن مجید کا پڑھنا باعث ثواب، سمجھنا باعث ہدایت اور قرآن پاک پر عمل کرنا باعث نجات ہے۔ انہوں نے کہا کہ قران کریم میں انبیاء کرام علیہم السلام کے قصے بیان کیے گئے ہیں کیونکہ انبیاء کرام عالم انسانیت کے ہادی، رہبر اور رہنما ہیں۔ جن کی سیرت طیبہ عالم انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے۔

انہوں نے اس موقع پر قرآن سینٹر کے بچوں کو حضرت آدم علیہ السلام اور ان کے دو بیٹوں حضرت ہابیل علیہ السلام اور قابیل کا قصہ سنایا۔ اور بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ پیر چنڈام دیندار اور با بصیرت مومنین کا گاؤں ہے، جنہوں نے گذشتہ انتخابات میں پولنگ اسٹیشن جیت کر مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار کو سپورٹ کیا۔ ہم پیر چنڈام کے مومنین کی اس جرات اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے گوٹھ ڈتل جلبانی پہنچ کر مجلس وحدت مسلمین گڑھی یاسین کے رہنماء مقصود احمد جلبانی سے ان کے نوجوان فرزند کی ناگہانی وفات پر تعزیت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نوجوان بیٹے کی وفات بہت بڑا صدمہ ہے۔ اللہ تعالی آپ کو اس مصیبت پر صبر اور اجر عطا فرمائے۔


خبر کا کوڈ: 1180160

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180160/قرآن-پاک-پر-عمل-کرنا-باعث-نجات-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com