QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق سے ضلع کرم میں ایف سی تعیناتی کی درخواست کردی

23 Dec 2024 21:56

دستاویز کے مطابق پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ملاکنڈ کیلئے خصوصی بم پروف گاڑیاں خریدنے کی گرانٹ جاری کردی گئی ہے اور قبائلی اضلاع سمیت کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع کے ڈی پی اوز کو بم بروف گاڑیاں دی جائیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق سے ضلع کرم میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) تعیناتی کی درخواست کردی۔ خیبر پختونخوا کابینہ نے کرم میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ کیا اور دستاویز کے مطابق صوبائی حکومت نے وفاق سے ایف سی تعیناتی کی درخواست کردی۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ حساس علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری کی تعیناتی بھی کی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ملاکنڈ کیلئے خصوصی بم پروف گاڑیاں خریدنے کی گرانٹ جاری کردی گئی ہے اور قبائلی اضلاع سمیت کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع کے ڈی پی اوز کو بم بروف گاڑیاں دی جائیں گی۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کیلئے بھی بم پروف گاڑیوں کا بندوبست کیا جائے گا۔ دستاویز کے مطابق امن وامان کو خراب کرنے والوں کا نام شیڈول 4 میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ امن کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کی جائیں گی، کرم میں امن کے قیام کیلئے گرینڈ جرگہ کو طویل مدت تک جاری رکھا جائے گا۔ دستاویز کے مطابق امن و امان کو خراب کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیا جائے گا اور کرم میں تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ حکومتی تحویل میں لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ضلع کرم میں پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت آمدورفت کے راستے 76 روز سے بند ہیں، شہر میں اشیائے خورونوش، ادویات، تیل، لکڑی اور ایل پی جی کی شدید قلت ہے۔ آمدورفت کے راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں نے پریس کلب کے باہر شدید سردی میں احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1180030

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180030/خیبر-پختونخوا-حکومت-نے-وفاق-سے-ضلع-کرم-میں-ایف-سی-تعیناتی-کی-درخواست-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com