QR CodeQR Code

وزیر اعلیٰ کی گلگت صوبائی ہیڈکوارٹر ہسپتال کی آپ گریڈیشن کا منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

23 Dec 2024 21:36

وزیر اعلیٰ نے پی ایچ کیو ہسپتال میں پارکنگ کیلئے تعمیر کئے جانے والے جدید پارکنگ کمپلیکس میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ کمپلیکس کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ پی ایچ کیو ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کو ماسٹر پلان کے مطابق کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ پی ایچ کیو ہسپتال اپ گریڈیشن کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پی ایچ کیو ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پی ایچ کیو ہسپتال میں پارکنگ کیلئے تعمیر کئے جانے والے جدید پارکنگ کمپلیکس میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ کمپلیکس کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ پی ایچ کیو ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کو ماسٹر پلان کے مطابق کیا جائے۔

 
انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد پی ایچ کیو ہسپتال 800 بیڈ کا ہوگا جو صوبے کا سب سے بڑا ہسپتال ہوگا۔ پی ایچ کیو ہسپتال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بائیو میڈیکل ایکوپمنٹ کی خریداری کیلئے ضروری مشینری پی سی ون کے ریویجن میں شامل کی جائے۔ ہسپتالوں کو بجلی کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے بڑے ہسپتالوں میں سولر پاور پروجیکٹس نصب کئے جائیں گے جس کا آغاز پی ایچ کیو ہسپتال سے کیا جائے گا۔ اے ڈی پی میں موجود دو میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹس سے پی ایچ کیو ہسپتال کے ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد سولر پاور پراجیکٹ کے ذریعے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ 
 
پی ایچ کیو ہسپتال میں مختلف سپیشلسٹ اور جنرل نرسز کی کمی دور کی جائے گی جس کیلئے سیکریٹری صحت کو ہدایات دی ہیں۔ ہسپتالوں سے پیدا ہونے والی ریونیو کا مخصوص حصہ ہسپتالوں کو دینے کیلئے کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی رہائش کیلئے ڈاکٹرز ہاسٹلز تعمیر کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں پی ایچ کیو ہسپتال میں ملٹی سٹوری ڈاکٹرز ہاسٹل کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی بروقت فراہمی اور ضروری مشینری کی مرمت کیلئے پرکیورمنٹ سیل اور بائیو میڈیکل یونٹ بنایا جائے۔
 
 وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پی ایچ کیو ہسپتال میں بجلی وولٹیج کی کمی دور کرنے کیلئے ضروری ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے بھی احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ کے دورہ پی ایچ کیو ہسپتال کے موقع پر صوبائی سیکریٹری صحت، محکمہ تعمیرات اور ڈی ایم ایس پی ایچ کیو ہسپتال نے پروجیکٹ اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔


خبر کا کوڈ: 1180023

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1180023/وزیر-اعلی-کی-گلگت-صوبائی-ہیڈکوارٹر-ہسپتال-آپ-گریڈیشن-کا-منصوبہ-مقررہ-مدت-میں-مکمل-کرنے-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com