پی ٹی آئی رہنماء شاندانہ گلزار کی 21 جنوری تک راہداری ضمانت منظور
23 Dec 2024 20:56
دریں اثنا عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاندانہ گلزار نے کہا کہ ایف آئی اے نے میرے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی جس پر آج عدالت میں پیش ہوئی، مجھے 3 ہفتوں کے لئے رہداری ضمانت مل گئی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ پشاور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی 21 جنوری تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔ شاندانہ گلزار کی راہداری ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے کی، عدالت نے شاندانہ گلزار کو 21 جنوری تک راہدرای ضمانت دیتے ہوئے متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ شاندانہ گلزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار رکن قومی اسمبلی ہیں جن کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، وہ متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتی ہیں مگر گرفتاری کا خدشہ ہے، درخواست گزار کو راہدری ضمانت دی جائے تاکہ وہ عدالت میں پیش ہوجائیں۔
دریں اثنا عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاندانہ گلزار نے کہا کہ ایف آئی اے نے میرے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی جس پر آج عدالت میں پیش ہوئی، مجھے 3 ہفتوں کے لئے رہداری ضمانت مل گئی ہے۔ شاندانہ گلزار نے کہا کہ ہمارے خلاف اتنی ایف آئی آر کاٹی گئی ہیں جتنی کسی چور ڈاکو پر بھی نہیں ہوتیں، محسن نقوی اپنا دھیان پی ٹی آئی سے ہٹا کر کرم پر دیں تو بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ایم این اے پر ایف آئی آر کاٹی جاتی ہے تو اسپیکر کے نوٹس میں لایا جاتا ہے، میرے گھر ابھی تک کوئی نوٹس نہیں آیا، پاکستان میں جو بھی آواز اٹھائے گا اسے کسی نا کسی جرم میں ملوث کردیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1180009