سندھ میں نئے ٹیکسز کے نفاذ کی تیاری، محکمہ خزانہ نے محکموں سے تجاویز طلب کرلیں
23 Dec 2024 14:57
محکمہ خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام صوبائی محکمے اپنا ہوم ورک کرلیں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل ریونیو بڑھانے کی تجاویز دیں، ریونیو بڑھاکر وفاق پر انحصار کم کرنا چاہتے ہیں جس سے صوبہ کی ترقی ہوگی۔
اسلام ٹائمز۔ وفاق کی طرح سندھ نے بھی آمدنی میں اضافے کے لیے نئے ٹیکسز کے نفاذ کرنے کی تیاریاں شروع کردیں، محکمہ خزانہ نے تمام صوبائی محکموں کو خط لکھ کر ٹیکس بڑھانے اور نئے ٹیکسز کے نفاذ سے متعلق تجاویز طلب کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے محکموں کو ارسال کردہ خط میں پوچھا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال 26-2025ء کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، آمدنی بڑھانے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں۔
محکمہ خزانہ نے تفصیلی تجویز طلب کی ہے کہ نافذ شدہ ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کیا جائے یا وہی ٹیکس برقرار رکھے جائیں اور کون سے نئے ٹیکس لگائے جائیں۔ محکمہ خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام صوبائی محکمے اپنا ہوم ورک کرلیں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل ریونیو بڑھانے کی تجاویز دیں۔ محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ریونیو بڑھاکر وفاق پر انحصار کم کرنا چاہتے ہیں جس سے صوبہ کی ترقی ہوگی۔
خبر کا کوڈ: 1179953