حکومت فوری طلبہ یونین کو بحال کرنے کا اعلان کرئے،حافظ نعیم الرحمان
23 Dec 2024 13:55
اسلامی جمیعت طلبہ کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑی بڑی سیاسی جماعتیں خاندانوں اور شخصیات کا طواف کرتی ہیں، لیکن اسلامی جمعیت طلبہ ہر سال اپنی مرکزی قیادت کا انتخاب کرتی ہے۔ جمعیت ملک میں طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے 78ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کو اس کے 78 یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، جمعیت نے طلباء حقوق اور اسلامی نظام تعلیم کے نفاذ کی بے مثال جدوجہد کی ہے، اسلامی جمعیت طلبہ ملک میں طلبہ کی سب سے بڑی اور منظم تنظیم ہے، اسلامی جمعیت طلبہ نظریاتی اور ایک مکمل جمہوری قوت ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑی بڑی سیاسی جماعتیں خاندانوں اور شخصیات کا طواف کرتی ہیں، لیکن اسلامی جمعیت طلبہ ہر سال اپنی مرکزی قیادت کا انتخاب کرتی ہے۔ جمعیت ملک میں طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ جمعیت کی یکساں نظام و نصاب کے نفاذ کیلئے جدوجہد قابل تحسین ہے، اسلامی جمعیت طلبہ کی جدوجہد اسے دیگر تنظیموں سے ممتاز کرتی ہےٟ، اسلامی جمعیت طلبہ نے یونین الیکشنز میں ہمیشہ نمایاں کامیابیاں حاصل کیں،اسلامی جمعیت طلبہ کو کالجز اور جامعات میں ہمیشہ طلبہ وطالبات کی حمایت حاصل رہی۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 1984 میں آخری بار اسٹوڈنٹ یونینز کے انتخابات میں بھی ملک بھر میں طلباء کی نمائندہ آواز کے طور پر سامنے آئی تھی، حکومت فوری طلبہ یونین کو بحال کرنے کا اعلان کرئے، یونین سازی طلبہ کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
خبر کا کوڈ: 1179944