سب کو پاکستان کا سوچنا چاہیئے
مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ کی مدد حاصل ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
23 Dec 2024 12:20
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس آخری موقع ہے، حالات ٹھیک کریں، مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے تو معلوم ہوگا کہ حکومت کی نیت کیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں بھی اسٹیبلشمنٹ کی مدد حاصل ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا پورا رول ہے، سب کو پاکستان کا سوچنا چاہیئے۔ علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، وہ کبھی نہیں کہے گا کہ مجھے رہا کرو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس آخری موقع ہے، حالات ٹھیک کریں، مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے تو معلوم ہوگا کہ حکومت کی نیت کیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے۔ مذاکرات قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہو رہے ہیں۔ تلاوت کلام پاک کے بعد کمیٹی ارکان کی جانب سے ملک و قوم کی بہتری اور مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔ حکومتی کمیٹی میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثناء اللّٰہ، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، فاروق ستار موجود ہیں۔ مذاکرات میں اپوزیشن کے اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ ناصر عباس موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1179937