QR CodeQR Code

حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے امن کے دعوے کو بے نقاب کر دیا

23 Dec 2024 12:44

حریت رہنمائوں کے بیانات میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس سے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے علاقے میں امن کی غلط تصویر پیش کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک پروپیگنڈا مہم قرار دیا ہے جس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان رہنمائوں نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں خاص طور پر 2019ء میں دفعہ370 کی منسوخی کے بعد امن اور ترقی کا بھارت کا بیانیہ من گھڑت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت اپنی پروپیگنڈہ مشینری کے ذریعے کشمیر کی حقیقی صورتحال کو چھپا نہیں سکتی۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کے جھوٹے دعوئوں سے دنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ترقی کا بیانیہ پیش کرنے کے باوجود خطے کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو دفعہ370 کی منسوخی کے بعد سے بھارت نے کشمیر کو اپنی نوآبادی بنانے کی کوششیں تیز کر دیں، اپنی فوجی کارروائیوں میں اضافہ کیا اور کشمیریوں کے مطالبہ آزادی کو دبانے کے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے۔ 5 اگست 2019ء کو مودی حکومت کے اقدامات نہ صرف غیر قانونی تھے بلکہ ان سے جنوبی ایشیا میں پہلے سے غیر مستحکم صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ کشمیریوں کی مزاحمت سے بھارت کا مذموم ایجنڈا ناکام ہو جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس سے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ بھارت اپنی فوجی طاقت سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ہر قیمت پر جاری رہے گی اور مودی حکومت کا پروپیگنڈہ بالآخر ناکام ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی مظالم کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1179925

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179925/حریت-رہنمائوں-اور-تنظیموں-نے-مقبوضہ-کشمیر-میں-بھارت-کے-امن-دعوے-کو-بے-نقاب-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com