مدرسہ شماری میں حصہ نہ لینے والے 474 پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات کی رجسٹریشن معطل
23 Dec 2024 10:25
چیئرمین آزاد کشمیر پی ای آئی آر اے کے مطابق اب تک ریاست بھر میں دو ہزار سے زائد رجسٹرڈ و غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات نے اتھارٹی کے ویب پورٹل کے ذریعے اپنا آن لائن ڈیٹا شیئر کیا ہے جس کی تصدیق طے شدہ میکنیزم کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے ویژن اور گڈگورننس کے ایجنڈے کی تکمیل کے تسلسل میں ریاست کی تاریخ میں پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات کی مدرسہ شماری ( آن لائن ایجوکیشن سینس 2024ء) حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی۔ سینسس میں حصہ نہ لینے والے 474 پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی ہے۔ آزادجموں و کشمیر پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز رجسٹریشن اتھارٹی (پی ای آئی آر اے) کے زیراہتمام نظامت ایجوکیشنل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ای ایم آئی ایس) کے تعاون سے ریاست میں پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات کا آن لائن سینسس تکمیلی مراحل میں ہے جس میں جملہ پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات کے کوائف، طلبہ و طالبات کی کلاس وائز، جینڈر وائز اور دیگر پہلوؤں سے جبکہ اساتذہ کی کوالیفکیشن وائز، جینڈروائز اور پروفیشنل ٹریننگ وغیرہ کے اعتبار سے تفصیل، ادارہ جات میں دستیاب تعلیمی سہولیات مثلاً عمارت، کلاس رومز، سائنس و کمپیوٹر لیبارٹریز، لائبریریز، بجلی، انٹرنیٹ، پینے کے صاف پانی، واش رومز، کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کی سہولیات اور دیگر کوائف جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ ریاست میں تعلیم کا مکمل منظرنامہ سامنے آ سکے اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے ان معلومات کو بروئے کار لایا جا سکے۔چیئرمین آزاد جموں و کشمیر پی ای آئی آر اے سید سلیم گردیزی کے مطابق اب تک ریاست بھر میں دو ہزار سے زائد رجسٹرڈ و غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات نے اتھارٹی کے ویب پورٹل کے ذریعے اپنا آن لائن ڈیٹا شیئر کیا ہے جس کی تصدیق طے شدہ میکنیزم کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ 474 رجسٹرڈ ادارہ جات نے مدرسہ شماری کے عمل میں حصہ نہیں لیا اور اپنا ڈیٹا ویب پورٹل کے ذریعے آن لائن شیئر نہیں کیا۔ جن کی رجسٹریشن معطل کرتے ہوئے انہیں دو ہفتے کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اپنا ڈیٹا آن لائن شیئر کر لیں۔ اس حوالے سے چیئرمین اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1179896