کشمیریوں کی قربانیوں سے مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن گیا ہے، حریت کانفرنس
23 Dec 2024 08:01
ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں ناکام رہا تو بھارت کی ہٹ دھرمی سے خطے میں جوہری جنگ بھڑک سکتی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کے پختہ عزم اور قربانیوں نے تنازعہ کشمیر کو ایٹمی فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے فوجی اور سفاکانہ طرز عمل پر تنقید کی جس سے پورے جنوبی ایشیا کا امن خطرے سے دوچار ہو گیا ہے۔ انہوں نے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری اور ایک درجن سے زائد سیاسی قیدیوں کو بھارتی جیلوں میں منتقل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر امن و امان کا مسئلہ نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے ڈیڑھ کروڑسے زائد لوگوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں ناکام رہا تو بھارت کی ہٹ دھرمی سے خطے میں جوہری جنگ بھڑک سکتی ہے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کرنے کے لیے مداخلت کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور اس کی اسٹیبلشمنٹ نے جس کی قیادت انتہائی بدعنوان اور فرقہ پرست لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کر رہے ہیں، جموں و کشمیر کو مسلسل فوج اور پولیس کے محاصرے میں رکھا ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت طاقت کے وحشیانہ استعمال اور کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر سے عالمی امن کے لیے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1179878