بحیرہ احمر پر امریکی ایف 18 طیارہ ہمارے حملے کے نتیجے میں تباہ ہوا، حوثی مجاہدین کا دعویٰ
22 Dec 2024 21:35
یمن کی افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ یمنی حملے کے نتیجے میں ایک امریکی ایف 18 تباہ ہوا جبکہ دیگر حملہ آور طیارے یمنی فضائی حدود سے نکل کر امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے دفاع پر مجبور ہوئے۔
اسلام ٹائمز۔ یمن کے حوثی مجاہدین کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گذشتہ شب بحیرہ احمر میں تباہ ہونے والا امریکی ایف 18 طیارہ ان کے حملے کے نتیجے میں تباہ ہوا۔ عرب میڈیا کے مطابق یمنی افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ یمنی افواج نے گذشتہ رات یمن پر امریکی و برطانوی حملہ ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حوثی مجاہدین نے جوابی حملے میں 8 کروز میزائلوں اور 17 ڈرونز کے ذریعے بحیرہ احمر میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ہیری ٹرومین کو نشانہ بنایا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس حملے کے نتیجے میں ایک امریکی ایف 18 تباہ ہوا جبکہ دیگر حملہ آور طیارے یمنی فضائی حدود سے نکل کر امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کے دفاع پر مجبور ہوئے۔ ترجمان مطابق اس حملے کے بعد یو ایس ایس ہیری ٹرومین بھی بحیرہ احمر میں اپنی پوزیشن تبدیل کرنے پر مجبور ہوا۔
اس سے قبل امریکی فوج کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ امریکی بحریہ نے غلطی سے بحیرہ احمر پر اپنا ہی طیارہ مار گرایا جبکہ طیارے کے دونوں پائلٹ بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایف اے 18 ہارنیٹ طیارہ بحیرہ احمر میں امریکی جہاز کے قریب سے گزر رہا تھا کہ میزائل کروزر گیٹس برگ نے میزائل مار کر طیارہ گرا دیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا کہ غلطی سے گرائے گئے امریکی طیارےکا ایک پائلٹ معمولی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا کہ اپنے ہی طیارے کو مار گرانے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1179854