QR CodeQR Code

امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے کو 8 کروز میزائلوں اور 17 ڈرون طیاروں کیساتھ نشانہ بنایا ہے، یمن

22 Dec 2024 23:29

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے امریکی لڑاکا طیارے F-18 کو مار گرائے جانیکا ذکر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یمنی فورسز نے طیارہ بردار امریکی بحری بیڑے اور اس کیساتھ تعلق رکھنے والے کئی ایک امریکی و برطانوی فریگیٹس کو نشانہ بنایا ہے


اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فورسز نے طیارہ بردار امریکی بحری جہاز یو ایس ایس ٹرومین کو کئی ایک امریکی و برطانوی جنگی کشتیوں کے ہمراہ نشانہ بنایا ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہماری فورسز نے یمن کے خلاف انجام پانے والے امریکی و برطانوی حملوں کو ناکام بنا دیا، جنرل یحیی السریع نے واضح کیا کہ یمنی مسلح افواج نے یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین (USS Harry S. Truman) نامی طیارہ بردار امریکی بحری جہاز سمیت امریکی و برطانوی جنگی کشتیوں کو بھی عین اس وقت نشانہ بنایا جب گذشتہ شام یمن کے خلاف جارحانہ حملے شروع ہوئے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ مزاحمتی کارروائی 8 کروز میزائلوں اور 17 ڈرون طیاروں کی مدد سے انجام دی گئی۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران ایک امریکی F-18 لڑاکا طیارہ بھی عین اسی وقت سرنگوں ہوا جب امریکی فریگیٹس یمنی ڈرون طیاروں اور کروز میزائلوں کا مقابلہ کرنے کی کوشش میں تھے۔ جنرل یحیی السریع نے کہا کہ اس مزاحمتی آپریشن کے بعد دشمن کے اکثر لڑاکا طیارے یمنی ہوائی حدود سے باہر نکل بھاگے اور طیارہ بردار امریکی بحری جہاز کو بچانے کے لئے بحیرہ احمر کی بین الاقوامی حدود میں پہنچ گئے۔ اس مزاحمتی حملے کے بعد طیارہ بردار امریکی بحری بیڑے کی عقب نشینی اور اس کے بحیرہ احمر کے شمالی حصے کی جانب چلے جانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے سے اس بحری بیڑے کا انخلاء بھی عین اسی وقت عمل میں آیا جب یمنی مسلح افواج کی جانب اسے متعدد میزائلوں و ڈرون طیاروں کے ساتھ نشانہ بنایا گیا تھا۔

یہ بیان کرتے ہوئے کہ یمنی مسلح افواج ملک میں صیہونی-امریکی-برطانوی جارحیت کو شکست دینے میں کامیاب رہی ہیں، جنرل یحیی السریع نے کہا کہ ملکی فورسز امریکہ، برطانیہ و اسرائیل کی کسی بھی حماقت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے غاصب صیہونی رژیم و امریکہ کو حملے جاری رکھنے پر سختی کے ساتھ خبردار کیا اور تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یمن ملکی دفاع کے اپنے حق کو مکمل طور پر استعمال کرے گا۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے تاکید کی کہ یمنی مسلح افواج مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں اپنی مزاحمتی کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھیں گی کہ جب تک غزہ کے خلاف جاری جارحیت بند نہیں ہو جاتی اور اس کا محاصرہ ختم نہیں کر دیا جاتا!



خبر کا کوڈ: 1179844

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179844/امریکی-طیارہ-بردار-بحری-بیڑے-کو-8-کروز-میزائلوں-اور-17-ڈرون-طیاروں-کیساتھ-نشانہ-بنایا-ہے-یمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com