ہمیں شام میں دہشتگردوں کی واپسی کے امکان پر تشویش ہے، عراق
22 Dec 2024 20:42
عمانی وزیر خارجہ کیساتھ اپنی ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں فواد حسین کا کہنا تھا کہ عراق کیلئے ضروری ہے کہ وہ شام کی صورتحال پر نظر رکھے کیونکہ شام کو اس وقت ایسے سنگین بحران کا سامنا ہے جو ہمارے ملک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ آج عراق کے وزیر خارجہ "فواد حسین" نے اپنے عمانی ہم منصب "بدر بن حمد البوسعیدی" سے ملاقات کی۔ملاقات میں مختلف مسائل کے ساتھ ساتھ مسئلہ فلسطین پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ جس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ جس میں فواد حسین نے کہا کہ ہم فلسطین کاز کے حامی ہیں۔ ہم غزہ میں جنگ بندی اور وہاں انسانی امداد کی ترسیل کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے عمانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں شام کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی۔ ہم ان کی خواہش کا احترام کرتے ہیں تاہم بدقسمتی سے شام میں دہشت گردوں کا دائرہ کار ایک بار پھر وسیع ہوتا جا رہا ہے۔ نیز داعش کے عناصر بھی وہاں تقویت پکڑتے جا رہے ہیں۔ فواد حسین نے کہا کہ عراق کو حق حاصل ہے کہ وہ شام کی صورت حال پر نظر رکھے کیونکہ شام کو اس وقت ایسے سنگین بحران کا سامنا ہے جو ہمارے ملک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ دوسری جانب عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لئے سفارتی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔
خبر کا کوڈ: 1179832