QR CodeQR Code

کرم کے زمینی راستے بند، پشاور آمد و رفت کے لیے ہیلی کاپٹر سروس شروع

22 Dec 2024 19:12

پریس سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے باعث آمد ورفت میں لوگوں کو درپیش مشکلات کے لیے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر کرم کے لئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کردی گئی۔ 


اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے باعث آمد ورفت میں لوگوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر پشاور آمد و رفت کے لیے صوبائی حکومت نے ہیلی کاپٹر سروس شروع کردی۔  پریس سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے باعث آمد ورفت میں لوگوں کو درپیش مشکلات کے لیے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر کرم کے لئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کردی گئی۔ بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ روز صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 نے پشاور سے کرم کے لیے دو پروازیں کیں،  ان پروازوں کے ذریعے پاراچنار سے 53 افراد کو پشاور منتقل کیا گیا،  ان افراد میں 14 مریض بھی شامل تھے۔ 

انہوں نے بتایا کہ آج ہیلی کاپٹر کی پہلی پرواز کے ذریعے جرگہ ممبران اور سرکاری عملے پر مشتمل 16 افراد کو پاراچنار پہنچایا گیا، آج دوسری پرواز کے ذریعے پاراچنار سے 27 لوگوں کو ٹل منتقل کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ تیسری پرواز کے ذریعے ٹل میں پھنسے افراد کو پاراچنار منتقل کیا جائے گا، آج مجموعی طور پر پانج پروازیں ہونگی جن کے ذریعے 100 سے زائد افراد کو منتقل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں ادویات کی ضروریات پوری کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے، کل پشاور سے 1850 کلوگرام ادویات پاراچنار پہنچائی گئیں، ان ادویات کی مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔ 

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کرم میں ادویات کی فراہمی کے لئے ہیلی کاپٹر کی کل سات پروازیں ہوئیں، ان پروازوں کے ذریعے 6 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی ادویات کرم پہنچائی گئیں ہیں۔ بیان میں علی امین گنڈاپور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے،  صوبائی حکومت کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، بیان کے مطابق علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کرم میں پائیدار امن اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے مستقل حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1179820

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179820/کرم-کے-زمینی-راستے-بند-پشاور-ا-مد-رفت-لیے-ہیلی-کاپٹر-سروس-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com