QR CodeQR Code

جموں و کشمیر کو عنقریب ریاستی درجہ دیا جائیگا، غلام علی کھٹانہ

22 Dec 2024 18:59

بی جے پی کے لیڈر نے کہا کہ کانگریس اقتدار سے دور ہوکر اب بوکھلاہٹ کی شکار ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر لیڈر و ممبر پارلمینٹ غلام علی کھٹانہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کو عنقریب ریاست کا درجہ دیا جائے گا اور اس حوالے سے مرکزی حکومت اپنے وعدے پر قائم ہے۔ غلام علی کھٹانہ نے ان باتوں کا اظہار ای ٹی وی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ غلام علی کھٹانہ نے کہا کہ حالیہ پارلمانی سیشن میں کانگریس ممبران کی جانب سے غیر جمہوری طرز اپنانے کی وجہ سے عوامی اہمیت کے حامل کئی مسائل نہیں اٹھائے گئے کیونکہ کانگریس اقتدار سے دور ہوکر اب بوکھلاہٹ کی شکار ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے پر بات کرتے ہوئے غلام علی کھٹانہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بہت جلد بحال کیا جائے گا اور اس ضمن میں پہلے ہی بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ پارلیمنٹ میں وعدہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے اب کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جانب سے کشمیر میں مایوس کن کارکردگی کیوں رہی، غلام نبی کھٹانہ نے بتایا کہ کشمیر میں ہماری پارٹی نے پچھلے دس برسوں کے دوران بہت کام کیا ہے اور کہیں نہ کہیں وہاں پارٹی عوام تک وہ کام پہنچا نہیں سکی۔ جموں و کشمیر میں سوا لاکھ سے زیادہ راشن کارڈ کاٹنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں غلام علی کھٹانہ نے بتایا کہ اگر کسی مستحق کا بی پی ایل راشن کارڈ منسوخ کیا ہوگا تو غلام علی سب سے پہلے اس کے حق میں آواز اٹھائے گا لیکن اگر ایک خوشحال کنبہ غریبوں کی سبسڈی کھاتا ہے تو اس کو یہ سہولیات دستیاب نہیں ہونی چاہیئے۔ وقف بورڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے غلام علی کھٹانہ نے بتایا کہ ستر برسوں کے دوران وقف کی پراپرٹی کو ہڑپ کیا گی لیکن نریندر مودی کے دور میں شفافیت لائی گئی اور وقف کا پیسہ مسلمانوں پر ہی خرچ کیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1179809

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179809/جموں-کشمیر-کو-عنقریب-ریاستی-درجہ-دیا-جائیگا-غلام-علی-کھٹانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com