QR CodeQR Code

وزیر اعظم کی ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

21 Dec 2024 23:39

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، چینی کے سٹاک کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ چینی سپلائی چین متاثر نہیں ہو۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا، ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے احکامات اور ٹیکس نہ دینے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے، ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت محصولات میں بہتری کے لئے اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس یہاں منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو شوگر انڈسٹری میں وڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب اور نگرانی پر بریفنگ دی گئی۔ 

 
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے محصولات کی وصولی کے لئے بنائی گئی حکمت عملی کے نفاذ پر عملدرآمد کے حوالے سے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کے بعد محصولات کی وصولی میں بہتری آئے گی، ان اصلاحات سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہو گا اور قیمتوں میں توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، چینی کے سٹاک کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ چینی سپلائی چین متاثر نہیں ہو۔ 
 
وزیراعظم نے سیمنٹ اور ٹوبیکو انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 1179683

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179683/وزیر-اعظم-کی-ٹیکس-چوری-اور-کم-دینے-والی-شوگر-ملوں-کیخلاف-سخت-کارروائی-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com