سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، عطا اللہ تارڑ
21 Dec 2024 19:27
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک میں تشدد کی سیاست کا راستہ دکھایا، آج انصاف ملا ہے اس حوالے سے کوئی نہیں بچے گا اور 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں ںے کہا کہ ملک دشمنی اور ملکی دفاع کو کمزور کرنے کی سازش 9 مئی ایک سیاہ دن تھا، آج کی خوشی کے دن پر ہم عہد کرتے ہیں پاکستان کا دفاع کریںگے۔
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور جب سارے افراد انجام تک پہنچے تو جشن منائیں گے۔ ملٹری کورٹس کی جانب سے سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرموں کی سزاﺅں کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاسی دہشتگردوں نے سیاست کا لبادہ اوڑھ کر دہشتگردی کی اور آج ان کو سزا ملی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سرحدوں کے محافظوں کی یادگاروں پر حملے کرکے پیغام دیا کہ منصوبہ ساز بانی پی ٹی آئی تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی تنصیبات پر ایسے پہلے کبھی حملہ نہیں کیا گیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے ملک میں تشدد کی سیاست کا راستہ دکھایا، آج انصاف ملا ہے اس حوالے سے کوئی نہیں بچے گا اور 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں ںے کہا کہ ملک دشمنی اور ملکی دفاع کو کمزور کرنے کی سازش 9 مئی ایک سیاہ دن تھا، آج کی خوشی کے دن پر ہم عہد کرتے ہیں پاکستان کا دفاع کریںگے۔
خبر کا کوڈ: 1179644