QR CodeQR Code

درگاہ اجمیر کو مندر قرار دینے کی عرضی پر آج دوسری بار سماعت ہوئی

21 Dec 2024 20:32

اجمیر کورٹ میں آج ہوئی سماعت میں درگاہ کمیٹی کے وکیل اشوک ماتھر نے درگاہ مندر ہونے کے دعویٰ سے متعلق عرضی کو خارج کرنے کی درخواست کی۔


اسلام ٹائمز۔ اجمیر درگاہ میں مندر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے دائر کی گئی درخواست پر آج سول کورٹ میں دوسری بار سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست گزار اور دیگر فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد اگلی سماعت کو 24 جنوری تک ملتوی کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو عدالت میں اجمیر خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ کی درگاہ میں مندر ہونے کے دعوے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اجمیر درگاہ سے متعلق اس معاملے میں مدعا علیہ بننے کے لئے پانچ مدعا علیہان نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ قبل ازیں اجمیر سول کورٹ نے اقلیتی امور کی وزارت، درگاہ کمیٹی اجمیر اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کو نوٹس بھیجا تھا۔ آج عدالت میں انجمن کمیٹی، درگاہ دیوان سید علی عابدین، غلام دستگیر اجمیر، اے عمران بنگلور اور راج جین ہوشیار پور پنجاب نے خود کو فریق بنانے کی درخواست دی۔

اجمیر کورٹ میں آج ہوئی سماعت میں درگاہ کمیٹی کے وکیل اشوک ماتھر نے درگاہ مندر ہونے کے دعویٰ سے متعلق عرضی کو خارج کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ دعویٰ میں کوئی ٹھوس سچائی نہیں ہے۔ درگاہ دیوان کے صاحبزادے نصیر الدین چشتی نے عدالت سے کہا کہ ہم خواجہ صاحب کی اولاد ہیں، ہمیں بھی فریق بنایا جانا چاہیئے۔ وہیں وشنو گپتا، جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اجمیر درگاہ میں مندر ہے، کہا کہ پوجا ایکٹ کو لے کر عدالت میں بحث ہوئی، جس میں ہمارے وکیل ورون کمار سنہا نے کہا کہ درگاہ پوجا کے تحت نہیں آتی۔ انہوں نے درگاہ میں "اے ایس آئی" سروے کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 1179628

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179628/درگاہ-اجمیر-کو-مندر-قرار-دینے-کی-عرضی-پر-ا-ج-دوسری-بار-سماعت-ہوئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com