بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے
21 Dec 2024 18:02
جانکاری کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان توانائی، ہائیڈرو کاربن سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوگی، اسکے ساتھ ہی دونوں ممالک مقامی کرنسی میں کاروبار کرنے کے حوالے سے بھی ایک اہم اجلاس میں شرکت کرینگے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی آج دو روزہ دورے پر کویت پہنچ چکے ہیں۔ کویت پہنچنے پر وہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقعے پر بھارتی وزیراعظم نے کویت پہنچنے اور اپنے پُرتپاک استقبال سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے عربی زبان میں ٹویٹ کیا۔ جانکاری کے مطابق نریندر مودی کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی دعوت پر کویت کا دورہ کر رہے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ 43 برسوں میں کسی ہندوستانی وزیراعظم کا کویت کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے پہلے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی نے 1981ء میں کویت کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے 2009ء میں دورہ کیا تھا۔
دورے پر روانہ ہونے سے قبل نریندر مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ آج اور کل میں کویت کے دورے پر رہوں گا۔ اس دورے سے کویت کے ساتھ ہندوستان کے تاریخی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ میں امیرِ کویت ولی عہد اور وزیراعظم سے ملاقات کا منتظر ہوں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے لکھا "آج شام میں ہندوستانی برادری کے ساتھ بات چیت کروں گا اور عربین گلف کپ کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کروں گا"۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق نریندر مودی کا دورہ کویت لیبر کیمپ میں قیام سے شروع ہوگا، جہاں وزیر اعظم ہندوستانی کارکنوں اور مزدوروں سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد مودی شیخ سعد عبداللہ انڈور اسپورٹس کمپلیکس جائیں گے، جہاں وہ بھارتی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔ اسی وقت اگلے دن نریندر مودی ایک سرکاری پروگرام میں حصہ لیں گے جس میں وہ کویت کے ولی عہد سے ملاقات کریں گے۔
جانکاری کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان توانائی، ہائیڈرو کاربن سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک مقامی کرنسی میں کاروبار کرنے کے حوالے سے بھی ایک اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ نریندر مودی کے دورہ کویت سے دونوں ممالک کے تعلقات میں گرم جوشی آئے گی۔ ساتھ ہی ہندوستانی برادری نے بھی نریندر مودی کے استقبال کے لئے طرح طرح کی تیاریاں کی ہیں۔ یہاں کے لوگ بہت پرجوش نظر آتے ہیں۔ واضح رہے کہ کویت میں تقریباً 10 لاکھ ہندوستانی ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1179621