لاہور، سیکرٹری داخلہ پنجاب سے اقوام متحدہ کے وفد کی ملاقات
21 Dec 2024 10:08
نورالامین مینگل نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب سائنسی بنیادوں پر کام کرکے منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کا تعین کر رہا ہے۔ نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ فرانزک سائنس ایجنسی کی مدد سے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونیوالے را مٹیریل کی ترسیل روکیں گے۔ اقوام متحدہ کے وفد نے انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور منشیات کی روک تھام کیلئے تعاون کی پیشکش کی۔
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل سے اقوام متحدہ دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے وفد نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ یو این او ڈی سی کے نمائندہ برائے پاکستان ٹروئلز ویسٹر نے وفد کی قیادت کی جبکہ ایڈوائزر کریمنل جسٹس اینڈ رول آف لا ارسلان ملک اور پروگرام آرگنائزر فہد قریشی ان کے ہمراہ تھے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے وفد کو انسداد منشیات و جرائم کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی، قانون سازی کے بارے میں آگاہ کیا۔ اقوام متحدہ کے وفد کو پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے اپگریڈیشن پلان بارے بھی بتایا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اقوام متحدہ کے وفد سے منشیات کی تیاری و ترسیل کی روک تھام بارے تفصیلی گفتگو کی۔
سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب سائنسی بنیادوں پر کام کرکے منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کا تعین کر رہا ہے۔ نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ فرانزک سائنس ایجنسی کی مدد سے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونیوالے را مٹیریل کی ترسیل روکیں گے۔ اقوام متحدہ کے وفد نے انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور منشیات کی روک تھام کیلئے تعاون کی پیشکش کی۔ اقوام متحدہ دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے پاکستان میں چیف آف مشن ٹروئلز ویسٹر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈا پر بڑی پیشرفت قابل تعریف ہے۔ قانون کی حکمرانی اور جرائم کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ یو این او ڈی سی محکمہ داخلہ کے تحت حکومت پنجاب کے اداروں میں افسران کو تربیت دے گا۔ ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے چیف آف مشن ٹروئلز ویسٹر کو جیل میں قیدیوں کا تیار کردہ فٹبال پیش کیا۔
خبر کا کوڈ: 1179523