QR CodeQR Code

بھارت کشمیریوں کیساتھ نوآبادیاتی رعایا جیسا سلوک کر رہا ہے، فاروق رحمانی

21 Dec 2024 09:47

جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں میڈیا کو بھی سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کیساتھ نو آبادیاتی رعایا جیسا سلوک کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کولگام میں پانچ کشمیری نوجوانوں کے حالیہ ماورائے عدالت قتل، نجی املاک کی قرقی، نوجوانوں کے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج، املاک کی ضبطگی اور تحریک آزادی کے عظیم قائد سید علی گیلانی شہید کی رہائش گاہ پر پولیس چھاپے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں میڈیا کو بھی سخت پابندیوں کا سامنا ہے اور یہ تمام کارروائیاں 18ویں صدی کی سامراجی طاقتوں کے نو آبادیاتی ہتھکنڈوں کی یاد دلا رہی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کا نوٹس لیں اور قضیہ کشمیر کو عالمی ادارے کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 1179520

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179520/بھارت-کشمیریوں-کیساتھ-نوآبادیاتی-رعایا-جیسا-سلوک-کر-رہا-ہے-فاروق-رحمانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com