مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کامیاب مزاحمتی کارروائیوں پر حزب اللہ عراق کیجانب سے یمنی افواج کو مبارکباد
20 Dec 2024 22:55
عراقی مزاحمتی تحریک نے مقبوضہ یافا (تل ابیب) میں غاصب صہیونی رژیم کے اہم ٹھکانوں کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنانے پر یمنی مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی ہے
اسلام ٹائمز۔ عراقی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے مقبوضہ یافا (تل ابیب) میں غاصب صہیونی رژیم کے اہم ٹھکانوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنانے پر یمنی مسلح افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ امریکی حمایت یافتہ غاصب و سفاک صہیونی رژیم نے بے دفاع فلسطینی عوام کے خلاف وسیع جنگی جرائم اور نسل کشی میں ذرہ برابر دریغ نہیں کیا اور حتی صنعاء و حدیدہ میں بھی بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے اور شہری تنصیبات پر بمباری کے ذریعے اپنے مجرمانہ ریکارڈ میں مزید اضافہ کیا ہے۔ عرب ای مجلے العہد کے مطابق حزب اللہ عراق نے مزید لکھا کہ امریکی و صہیونی دشمن کی جانب سے بے گناہ لوگوں کے خلاف کئے گئے جرائم، خواہ کتنے ہی سال کیوں نہ بیت جائیں، فراموش نہیں کئے جا سکتے اور آزاد لوگ جلد یا بدیر بدلہ ضرور لیں گے کیونکہ یہ حق پر استوار محاذ کا فرض اور حقوق کی بحالی پر استقامت ہے، چاہے کتنی ہی عظیم قربانیاں کیوں نہ دینا پڑیں۔
خبر کا کوڈ: 1179470