اسرائیل کیخلاف یمن و عراقی مزاحمت کا مشترکہ آپریشن
20 Dec 2024 20:31
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ملکی فورسز نے عراقی مزاحمت کے ہمراہ انجام پانیوالے ایک مشترکہ مزاحمتی آپریشن میں غاصب و سفاک صیہونی فوج کے متعدد اہم ٹھکانوں کو کامیابی کیساتھ نشانہ بنایا ہے
اسلام ٹائمز۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ ملکی فورسز نے عراق کی اسلامی مزاحمت کے ہمراہ انجام پانے والی 2 مشترکہ مزاحمتی کارروائیوں میں مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقوں اور یافا (تل ابیب) میں واقع غاصب و سفاک صیہونی فوج کے اہم ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔ جنرل یحیی السریع کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی متعدد ڈرون طیاروں کے ذریعے کامیابی کے ساتھ انجام پائی اور اس کے تمام مقاصد حاصل کر لئے گئے ہیں۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایک دوسری مزاحمتی کارروائی میں بھی مقبوضہ یافا (تل ابیب) کے فلسطینی علاقے میں ایک اہم صیہونی ہدف کو ڈرون طیارے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا اور اس آپریشن کا مقصد بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ یمن امریکہ و اسرائیل کی جانب سے پیدا کی جانے والی کشیدگی کا جواب "مقابلہ بمثل" کے ذریعے دے گا۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ یمن غاصب صیہونی رژیم و امریکہ کی تزویراتی فوجی تنصیبات پر حملوں سے ذرہ برابر نہیں ہچکچاتا۔ جنرل یحیی السریع نے اپنے بیان کے آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جاری غاصب صیہونی رژیم کے گھناؤنے جرائم کا سلسلہ، یمن و عراق کی اسلامی مزاحمت کی جانب سے انجام پانے والی مشترکہ مزاحمتی کارروائیوں کو مزید تیز کر دے گا اور یہ مزاحمتی آپریشن، غزہ کی پٹی میں جاری غاصب و سفاک صیہونی رژیم کی انسانیت سوز جارحیت اور اس پورے علاقے کے محاصرے کے خاتمے تک جاری رہیں گے!
خبر کا کوڈ: 1179449