QR CodeQR Code

پشاور، اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد کیلئے سیاسی رہنماؤں کی اہم بیٹھک

20 Dec 2024 17:58

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت خطرے میں ہے کم نے حقیقی جمہوریت کے لیے ملکر جدوجہد کرنی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتحاد بنانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے قومی سطح پر حکومت مخالف اتحاد بنانے کا فیصلہ کرلیا، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے رابطے کے بعد دوسری سیاسی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت خطرے میں ہے کم نے حقیقی جمہوریت کے لیے ملکر جدوجہد کرنی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتحاد بنانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں، اس حوالے سے رات گئے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے قائدین پر مشتمل وفد نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ملاقات کی۔  ملاقات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اہم بیٹھک میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتحاد سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے ہیں۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے وفد میں سابق سنیٹر صفدر عباسی، سابق سنیٹر محمد علی درانی اور دیگر شامل تھے۔  وزیراعلیٰ ہاؤس ترجمان کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے ملاقات کے بعد کہا کہ ملک میں اس وقت جمہوریت خطرے میں ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہم چاہتے ہیں کہ اکٹھے ملکر میں حقیقی جمہوریت بحال کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹوں سے جو حکومت آتی ہے اس کی بین الاقوامی اور ملکی سطح پر اہمیت ہوتی ہے، جسے عوام نے ووٹ دیا ہوتا ہے اسے عوام کی پرواہ ہوتی ہے، جو حکومتیں عوام کے مینڈیٹ سے نہیں آئی ہوتیں انھیں عوام کی پرواہ نہیں ہوتی، موجودہ حکومت چوری کے مینڈیٹ سے آئی ہے اس لیے اسے عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے دوسری سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے ہیں ملکر حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد کریں گے۔ سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت فارم 45 کی حکومت ہے، جہاں عوام کی حکومتیں نہ ہوں وہاں گھٹن محسوس ہوتی ہے جبکہ اس صوبے میں ایسا نہیں ہے کیونکہ یہاں عوام کی حکومت ہے جسے عوام لے کر آئے ہیں۔ محمد علی درانی نے کہا کہ افسوس کے خیبر پختونخوا سے جو جائے اس کا راستہ روکا جاتا ہے، ہم پورے ملک کے دورے کریں گے اور ایک جمہوری فضا بنائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1179411

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179411/پشاور-اپوزیشن-جماعتوں-میں-اتحاد-کیلئے-سیاسی-رہنماؤں-کی-اہم-بیٹھک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com