QR CodeQR Code

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کا پاراچنار ضلع کرم کے بدترین حالات پر حکومتی نااہلی کیخلاف یوم احتجاج

20 Dec 2024 17:43

مقررین نے صدر مملکت، وزیراعظم، چیف جسٹس پاکستان، آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ پارا چنار حملوں میں ملوث طالبان، داعش و خوارج دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کیا جائے، ضلع کرم کا محاصرہ ختم کیا جائے اور پاراچنار میں غذائی قلت و ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر گزشتہ دو ماہ سے پاراچنار ضلع کرم کے راستوں کی بندش، محاصرے، اشیائے ضروریہ اور ادویات کی قلت اور اس کی وجہ معصوم بچوں کی شہادتوں اور حکومتی نااہلی کے خلاف جمعہ ملک گیر احتجاج کیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم سندھ اور کراچی ڈویثرن کی جانب سے جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاؤن، پہلوان گوٹھ، مارٹن روڈ، لانڈھی و کورنگی، ملیر، اسٹیل ٹاؤن سمیت شہر کی دیگر جامع مساجد کے باہر بعد نماز جمعہ کرم ایجنسی پاراچنار کے موجودہ حالات اور حکومتی نااہلی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مختار امامی، مولانا حیات عباس، علامہ صادق جعفری، ملک غلام عباس، مولانا نشان حیدر، آصف صفوی، علامہ مبشر حسن، علامہ حسن ظفر نقوی و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں سے مسلسل قتل عام ہو رہا ہے، پارا چنار کے حالات دانستہ طور پر کشیدہ کئے جا رہے ہیں، ضلع کرم ملک کا حصہ نہیں بلکہ فلسطین غزہ بن گیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ پاراچنار کے راستے بند ہیں، ادویات اور اشیاء خوردونوش کی شدید کمی ہے، گزشتہ دو ماہ سے جاری محاصرے میں 10 سے زائد معصوم بچوں کی شہادتیں ہو چکی ہیں، لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، حکومت دیرپا امن کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔ مقررین نے کہا ضلع کرم میں شیعہ و سنی عوام کبھی بھی لڑائی نہیں چاہتے، مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کو یقینی بنانے میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے، پارا چنار کے اعلیٰ انتظامی افسران کو متعدد بار متنبہ کیا جاتا ہے کہ پارا چنار ایک حساس علاقہ اور شرپسندوں کے نشانے پر ہے، یہاں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی اشد ضرورت ہے، لیکن انتظامیہ کی طرف سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جاتے، جس کی وجہ سے گزشتہ دنوں سفاک دہشتگردوں کے حملے میں معصوم بچے، خواتین اور بزرگوں کی شہادت ہوئی۔

مقررین نے کہا کہ پارا چنار کے معاملے پر انتظامیہ اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کی غیر سنجیدگی پورے ملک کے امن کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہے، لاکھوں کی آبادی میں عوام محصور ہیں، وفاقی و صوبائی حکومت سمیت سیکورٹی ادارے اور انتظامیہ دہشتگرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کاروائیاں کرے۔ مقررین نے صدر مملکت، وزیراعظم، چیف جسٹس پاکستان، آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ پارا چنار حملوں میں ملوث طالبان، داعش و خوارج دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کیا جائے، ضلع کرم کا محاصرہ ختم کیا جائے اور پاراچنار میں غذائی قلت و ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1179402

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179402/کراچی-ایم-ڈبلیو-کا-پاراچنار-ضلع-کرم-کے-بدترین-حالات-پر-حکومتی-نااہلی-کیخلاف-یوم-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com