اقوام متحدہ میں حق خودارادیت کی قرارداد کی منظوری انصاف اور انسانی حقوق کی فتح ہے، بیرسٹر عقیل ملک
20 Dec 2024 08:51
وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ یہ قرارداد جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے حق کی حمایت میں اہم پیش رفت ہے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت میں اقوام متحدہ میں حق خودارادیت کی قرارداد کی منظوری انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کی فتح ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر عقیل ملک نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ یہ قرارداد نوآبادیاتی تسلط اور غیر ملکی قبضے کے خلاف مظلوم عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی توثیق کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے حق کی حمایت میں اہم پیش رفت ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں متفقہ طور پر "عوام کے حق خودارادیت کے عالمی احساس”سے متعلق پاکستان کی تجویز کردہ قرارداد منظور کی گئی ہے۔ جس کی بڑی تعداد میں دنیا بھر کے ممالک نے حمایت کی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرارداد میں غیر ملکی زیر تسلط مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کی توثیق کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ قرارداد حق خودارادیت سے محروم مقبوضہ علاقوں کے عوام کے لیے پیش کی گئی ہے۔ جس میں جابرانہ قبضوں کے تحت زندگی گزارنے والے لوگوں کی جاری جدوجہد کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔ قرارداد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرارداد میں غیر ملکی مداخلت اور جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ اور غیر ملکی قبضے کے شکار لوگوں کے حقوق کے احترام کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1179337