QR CodeQR Code

لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار دیرینہ پالیسی ہے، ویدانت پٹیل

20 Dec 2024 00:37

پریس کانفرنس سے خطاب میں نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق تحفظات واضح ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل کا کہنا ہے کہ لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار دیرینہ پالیسی ہے۔ نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کو برقرار رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔ ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق تحفظات واضح ہیں۔ یاد رہے کہ نئے منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے سے ایک ماہ قبل امریکا نے میزائل پروگرام میں معاونت کے الزام میں چار پاکستانی اداروں پر مزید پابندیاں عائد کی ہیں۔

گذشتہ روز ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھو ملر کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں یا ان کی ترسیل کے ذرائع پر کارروائی کی جائے گی، پابندیاں لگائے گئے اداروں میں پاکستان کے بیلسٹک پروگرام کا ذمہ دار قومی ادارہ نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس سرفہرست ہے جبکہ ایفیلی ئٹس انٹرنیشنل، اختر اینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ اور راک سائیڈ انٹرپرائز شامل ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکا کی مزید پابندیوں کو متعصبانہ اور دہرا معیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے میں فوجی عدم توازن بڑھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی اسٹرٹیجک صلاحیت خودمختاری کے دفاع اور جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کیلئے ہے، میزائل پروگرام پر 24؍ کروڑ عوام کا مقدس بھروسہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1179306

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179306/لانگ-رینج-بیلسٹک-میزائل-پروگرام-کی-حمایت-سے-انکار-دیرینہ-پالیسی-ہے-ویدانت-پٹیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com