QR CodeQR Code

یونان کشتی حادثے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، ایف آئی اے کے 2 افسران گرفتار

19 Dec 2024 23:36

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے کے حوالے سے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور بیان میں کہا کہ انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے کے حوالے سے انسانی سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی اور اپنے افسران کو بھی گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے بڑی کارروائی کی ہے اور یونان کشتی حادثے میں متاثر ہونے والے پاکستانی کو بیرون ملک بھیجنے کا جھانسے دینے میں ملوث 3 انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ غفلت برتنے پر ایف آئی اے نے اپنے 2 افسران کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جن میں انسپکٹر زبیر اشرف اور سب انسپکٹر شاہد عمران شامل ہیں، گرفتار ملزمان فیصل آباد ائرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات تھے اور بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان نے دوران ڈیوٹی مسافروں کی سکریننگ کے عمل میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں 18 متاثرین نے فیصل آباد ائرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا تھا۔ خیال رہے کہ یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں 17 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا تھا جبکہ سفیان نامی متاثرہ شہری کی کشتی حادثے میں موت واقع ہوئی۔ ایف آئی اے نے بتایا کہ متاثرین سے عبدالرؤف نامی ایجنٹ نے یونان جانے کے لیے بھاری رقوم وصول کیں، مقدمے میں عبدالرؤف، عباس ذوالفقار اور قمر الزمان نامی انسانی سمگلرز کو نامزد کردیا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور بیان میں کہا کہ انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1179299

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179299/یونان-کشتی-حادثے-کی-تحقیقات-میں-اہم-پیش-رفت-ایف-ا-ئی-اے-کے-2-افسران-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com