رام اللہ حکومت اسرائیل کیخلاف مزاحمت کو روک رہی ہے، سرایا القدس کا اعلان
18 Dec 2024 23:02
فلسطینی مزاحمتی فورس کے کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز نے ہم سے تخفیف اسلحہ کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ وہ اسرائیل کیخلاف جنگ کی اجازت ہرگز نہیں دینگی!
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کی عسکری شاخ سرایا القدس کی کتیبہ جنین بریگیڈ کے کمانڈر نے عرب چینل الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایسا قومی پروگرام کہ جس میں "مسلح جدوجہد" شامل نہ ہو، ایک "غداری کا پروگرام" ہے!
یہ بیان کرتے ہوئے کہ فلسطینی اتھارٹی کا سیاسی پروگرام 30 سال قبل سے بغیر کسی نتیجے کے چل رہا ہے، فلسطینی مزاحمتی کمانڈر نے تاکید کی کہ ہم نے فلسطینی اتھارٹی کے سکیورٹی اداروں کے پاس اہم شخصیات کو بھی بھیجا تاکہ اس مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکے لیکن فلسطینی اتھارٹی انتہائی گھمنڈ سے پیش آئی جس کے بعد فلسطینی سکیورٹی اداروں نے مزاحمتی تحریک سے تخفیف اسلحہ کا مطالبہ کیا اور واضح الفاظ میں کہا کہ وہ "اسرائیل کے خلاف جنگ" کی اجازت ہرگز نہ دیں گی۔ کمانڈر کتیبہ جنین نے کہا کہ ہم نے قبل ازیں بھی متعدد حل تجویز کئے ہیں لیکن فلسطینی اتھارٹی نے انہیں قبول نہیں کیا درحالیکہ قابض صیہونی رژیم کے خلاف ہماری جنگ کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے کوئی غیر قانونی کام انجام دیا ہے کیونکہ ہم کسی قسم کے اشتعال انگیز خیالات نہیں رکھتے اور جو بھی ہمارے خلاف جارحیت انجام دے گا ہم اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹیں گے!
خبر کا کوڈ: 1179121