عدم تحفظ کے شام سے عراق تک پھیلاؤ کے بارے سید کمال خرازی کا انتباہ
18 Dec 2024 23:01
عراق کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کیساتھ ملاقات میں ایرانی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ نے شامی حالات اور غاصب صیہونی رژیم کیجانب سے اس ملک کی خودمختاری و جغرافیائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدم تحفظ کے شام سے عراق تک پھیلاؤ پر خبردار اور اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ و سلامتی کونسل سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے
اسلام ٹائمز۔ ایرانی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ سید کمال خرازی نے عراق کے لئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اور عراق کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی مشن - یونامی (UNAMI) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد حسان کے ساتھ ملاقات و گفتگو کی ہے۔
اس دوران خطے کی اہم ترین صورتحال اور عراق پر اس کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے سید کمال خرازی نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کے مقابلے میں خطے کے ممالک کی طاقت کو کم کرنے کا یہ وسیع منصوبہ جس میں مزاحمتی محاذ کی حمایت کرنے والے ملک کے طور پر شام کی تباہی بھی شامل ہے، ہمیشہ سے امریکہ و صیہونی رژیم کے ایجنڈے میں شامل رہا ہے جیسا کہ اوباما نے اولین بار کہا تھا کہ "اسد کو ہٹ جانا چاہیئے"! انہوں نے شام میں وقوع پذیر ہونے والے حالیہ واقعات، خاص طور پر شام میں طاقت کے خلاء سے غاصب صیہونی رژیم کی، غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے فوجی و سویلین انفراسٹرکچر پر وسیع بمباری کے ذریعے شامی خودمختاری و جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزیوں سمیت غیر ملکیوں کے مختلف مفادات کے باعث شام کے ٹوٹ جانے کے خطرے پر تشویش کا اظہار کیا اور عدم تحفظ کے شام سے عراق تک پھیل جانے کے بارے خبردار کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے اس سلسلے میں فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ایرانی اسٹریٹجک کونسل آف فارن ریلیشنز کے سربراہ نے اقوام متحدہ کی ذمہ داریوں پر عملدرآمد میں اس کی مدد کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل تیاری پر بھی تاکید کی۔
ادھر ڈاکٹر محمد حسان نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ موجود تمام خدشات کے باوجود یو این اے ایم آئی کا مشن کامیاب رہے گا۔
خبر کا کوڈ: 1179118