صیہونی فوج تقریباََ 1 سال تک شام میں موجود رہے گی، اسرائیلی ٹی وی
18 Dec 2024 20:18
نتین یاہو نے ماضی کو دُہراتے ہوئے گولان ہائٹس میں "جبل الشیخ" پر قبضہ کر لیا اور اعلان کیا کہ تا اطلاع ثانوی صیہونی فورسز اس علاقے میں موجود رہیں گی۔
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی وزیراعظم "نتین یاہو" نے کہا کہ IDF، ء2025 کے اختتام تک شام میں قائم کردہ بفر زون میں موجود رہے گی۔ جس کو بنیاد بناتے ہوئے صیہونی ٹی وی چینل 12 نے دعویٰ کیا ہے کہ تل ابیب ایک سال تک نئی شامی حکومت کے بارے میں کسی حتمی نتیجے تک پہنچ جائے گا۔ واضح رہے کہ صیہونی فورسز "بشار الاسد" کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں اس بہانے سے داخل ہو گئیں کہ کہیں شامی باغی گروہ مقبوضہ فلسطین تک نہ پہنچ جائیں۔ یہ امر بھی قابل غور ہے کہ صیہونی فورسز شام کے علاقوں پر قبضہ کرتی چلی جا رہی ہیں۔
صیہونی ٹی وی چینل 12 کا کہنا ہے کہ نتین یاہو یہ سمجھتے ہیں کہ شام کی نئی حکومت ایک سال تک مستحکم ہو گی۔ اس وقت تک اسرائیل کے حوالے سے ان کا موقف بھی واضح ہو جائے گا۔ صیہونی میڈیا ایسی صورت حال میں شام میں اسرائیلی فورسز کی ایک سال تک موجودگی کا دعویٰ کر رہا ہے جب 1967ء میں بھی اس رژیم نے اس سے ملتا جُلتا ایک قدم اٹھایا تھا اور گولان ہائٹس کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا۔ پھر 1981ء میں باضابطہ طور پر اس علاقے کو اسرائیل کا حصہ ڈیکلئیر کر دیا۔ اس وقت بھی نتین یاہو نے ماضی کو دُہراتے ہوئے گولان ہائٹس میں "جبل الشیخ" پر قبضہ کر لیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ تا اطلاع ثانوی صیہونی فورسز اس علاقے میں موجود رہیں گی۔
خبر کا کوڈ: 1179100