QR CodeQR Code

جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں نریندر مودی پر بنی "بی بی سی کی دستاویزی فلم" پر پابندی

18 Dec 2024 21:06

یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس یونین نے ایک بیان میں یونیورسٹی کیطرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کی مذمت کرتے ہوئے اسے طلباء کے بنیادی حقوق پر حملہ قرار دیا۔


اسلام ٹائمز۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے متعدد طلباء نے آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر بی بی سی کی ایک ممنوعہ دستاویزی فلم کی اسکریننگ کی، جس میں یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے سخت کارروائی کی دھمکی جاری کی گئی۔ اسکریننگ جس کا اہتمام بائیں بازو کی حمایت یافتہ آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے یونیورسٹی کے گنگا ڈھابہ پر ایک لیپ ٹاپ پر کی، جہاں سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں اسے دیکھنے کے لئے کئی طلاب جمع ہوئے۔ جے این یو کی انتظامیہ نے ایک ایڈوائزری جاری کی جس میں طلباء کو اسکریننگ میں حصہ لینے سے خبردار کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ اس سے کیمپس میں "فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل پڑ سکتا ہے"۔

جواہر لال نہرو یونیورسٹی نے ہدایت کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت تادیبی اقدامات کا انتباہ دیا ہے۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن لیڈروں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ اور سکیورٹی اہلکار اختلاف رائے کو دبانے اور آزادی اظہار کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سائکلوپس (جے این یو سیکورٹی اہلکاروں) نے طلباء اور جے این یو طلباء یونین کے جوائنٹ سکریٹری ساجد کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔ انہوں نے پروجیکٹر کو نقصان پہنچایا لیکن اس کے باوجود طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے دستاویزی فلم دیکھی۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے نمائندے نے اس ظلم کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے آزادی اظہار اور احتجاج کے اپنے حقوق سے دستبردار ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طلباء یونین نے ایک بیان میں یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کی مذمت کرتے ہوئے اسے طلباء کے بنیادی حقوق پر حملہ قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی منافقانہ ہے کہ جہاں انتظامیہ نے مسلسل حکومت پر تنقید کرنے والی دستاویزی فلموں کی نمائش کو دبانے کی کوشش کی ہے، وہیں اس نے ساتھ ہی ایسی فلموں کو بھی کھلا ہاتھ دیا ہے جو آر ایس ایس و بی جے پی کے ایجنڈے کا پرچار کرتی ہیں۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ "دی کیرالہ اسٹوری"، "دی کشمیر فائلز"، اور "جہانگیر نیشنل یونیورسٹی"، اور "سابرمتی رپورٹ" جیسی فلموں کو کیمپس میں بغیر کسی سوال کے اجازت دی گئی تھی جو کہ کھلے عام تفرقہ انگیز، فاشسٹ نظریات کو فروغ دیتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1179078

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179078/جواہر-لال-نہرو-یونیورسٹی-میں-نریندر-مودی-پر-بنی-بی-سی-کی-دستاویزی-فلم-پابندی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com