QR CodeQR Code

عمر عبداللہ کی حکومت ماحولیات کو تباہ کرنے والے ترقیاتی منصوبوں پر نظرثانی کرے، محبوبہ مفتی

18 Dec 2024 20:23

کشمیر کی ماحولیات کی نزاکت پر روشنی ڈالتے ہوئے پی ڈی پی کی سربراہ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ماحول کو تباہ کرینگے اور اتراکھنڈ میں جوشی مٹھ جیسی ماحولیاتی آفات کا باعث بنیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے آج عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت سے وادی کشمیر میں تعمیر کئے جانے والے تین بڑے بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں پر سخت موقف اختیار کرنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ بڑے پیمانے پر زمین کو متاثر کرتے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے ماحولیات اور ثقافتی ورثے پر حالیہ ترقیاتی منصوبوں کے اثرات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ ترقیاتی منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجبہاڑہ، پہلگام اور شوپیاں میں نئی ​​ریلوے لائن کی تعمیر کی تجویز سے زرعی اور باغبانی کی زمین پر اثر پڑے گا، جس پر ہزاروں کسان اپنی روزی روٹی کماتے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے ہونے والے ممکنہ نقصان پر تشویش کا اظہار کیا، بشمول رنگ روڈ کی تعمیر، ریلوے نیٹ ورک کی توسیع اور 30 ​​نئی بستیوں کی ترقی۔

جموں و کشمیر کی ماحولیات کی نزاکت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ماحول کو تباہ کریں گے اور اتراکھنڈ میں جوشی مٹھ جیسی ماحولیاتی آفات کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اپنے دلکش مناظر، قدرتی خوبصورتی اور بھرپور وسائل کے لئے مشہور ہے، جو دنیا بھر سے آنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹس، ترقی کا ہدف رکھتے ہوئے وادی کشمیر کی بے مثال خوبصورتی کو تباہ کرنے کا خطرہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے پائیدار ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور ان منصوبوں میں ماحولیاتی نتائج پر توجہ نہ دینے پر تنقید کی۔

محبوبہ مفتی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ترقی کو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ متوازن بنائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ کشمیر کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کی قیمت پر کوئی پیشرفت نہ ہو۔ انہوں نے علاقے کی شناخت کے تحفظ کے لئے مقامی اسٹیک ہولڈرز، بشمول ماہرین ماحولیات، شہری منصوبہ سازوں اور کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ جامع بات چیت کی ضرورت پر مزید زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پائیدار اور عوام دوست ترقی کو ترجیح دے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں پر نظرثانی کرے اور وادی کی منفرد خوبصورتی اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کو شامل کرے۔


خبر کا کوڈ: 1179072

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1179072/عمر-عبداللہ-کی-حکومت-ماحولیات-کو-تباہ-کرنے-والے-ترقیاتی-منصوبوں-پر-نظرثانی-کرے-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com