وزیراعظم آزاد کشمیر کا چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت
18 Dec 2024 08:53
چوہدری انوار الحق نے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ چوہدری غلام عباس کے کردار کی شفافیت ہم سب سیاسی کارکنان کے لیے ایک مثال ہے۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کشمیری رہنما رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیر میں دو قومی نظریہ کے محافظ، الحاق پاکستان کے مضبوط داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری انوار الحق نے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ چوہدری غلام عباس کے کردار کی شفافیت ہم سب سیاسی کارکنان کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری کشمیری قوم کے لیڈر تھے جنہو ں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس نے قائداعظم محمد علی جناح کے ایک با اعتماد ساتھی اور تحریک پاکستان کے ایک نڈر سپاہی کی حیثیت سے نظریہ پاکستان کی سربلندی کے لئے جو جرات مندانہ جدوجہد کی وہ بلاشبہ تاریخ کشمیر اور پاکستان کا ایک سنہری باب ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ان کی والہانہ عقیدت کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں دفنائے جانے کی وصیت کی۔ وہ با کردار، باعمل اور بااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور ملت کیلئے انتہائی دردمندی رکھنے والے عظیم انسان تھے۔ چوہدری غلام عباس نے مسلمانان کشمیر کی درست سمت میں رہنمائی کی اور انہیں ایسا پلیٹ فارم دیا جس سے انہوں نے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ قائد ملت نے کانگریس اور شیخ عبداللہ کے نظریات کا انتہائی دانشمندی اور دلیری سے مقابلہ کیا۔ کشمیری مہاجرین کی پاکستان میں آباد کاری میں انہوں نے نہ صرف بھرپور کردار ادا کیا بلکہ اپنے دامن کو ہر قسم کے لالچ اور ذاتی فائدے سے پاک رکھا۔ انہوں نے کہا کہ رئیس الاحرار کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے کردار کو ہم اپنی زندگیوں میں اپنائیں۔ جس طرح انہوں نے نظریاتی و فکری جدوجہد کی اور جس طرح حکومت آزاد کشمیر کے سپریم ہیڈ اور مہاجرین کی آبادکاری کی کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر کردار اور عمل کی شفافیت کا نمونہ پیش کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزادی کشمیر اور نظریہ تکمیل پاکستان کا چوہدری غلام عباس کا خواب انشا اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہو گا۔
خبر کا کوڈ: 1178964