QR CodeQR Code

ہم نے ابھی تک شام کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا، الحشد الشعبی

17 Dec 2024 23:08

اپنے ایک بیان میں فالح الفیاض کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ ظلمتوں کے شیاطین دوبارہ سے عراق کی سلامتی کیساتھ چھیڑ چھاڑ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ عراق کی رضاکار فورس "الحشد الشعبی" کے سربراہ "فالح الفیاض" نے کرکوک شہر کے اکابرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فالح الفیاض نے کہا کہ قوم پرستی اور فرقہ واریت کے عنوان سے غیروں کے ساتھ تعاون کرنا ملک کے بنیادی قانون سے خیانت ہے۔ کرکوک عراق کا ایک علاقہ ہے کہ جو اس ملک کے قانون کے تحت چلایا جاتا ہے۔ کرکوک میں پیدا ہونے والی کسی بھی مشکل کو عراق کے بنیادی قانون کے تحت حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش پر ہماری فتح نے دنیا پر ثابت کیا کہ عراق تا ابد قائم رہے گا۔ ہمارے پاس داعش سے نمٹنے کا تازہ تجربہ موجود ہے، اسی لئے ہم ہر طرح کی صورتحال کے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم مجھے نہیں لگتا کہ عراق کو ڈائریکٹ کسی چیلنج کا سامنا ہو، لیکن ہم نے اپنا فرض سمجھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کر لی ہیں۔

الحشد الشعبی کے سربراہ نے کہا کہ ہم شام کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے، لیکن عراق اور شام کا مشترکہ سکیورٹی زون ہے۔ الحشد الشعبی نہیں چاہتی کہ وہ شامیوں کے درمیان تفرقہ ایجاد کرے۔ شامی فوج کا خاتمہ اور صیہونی رژیم کی جانب سے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا نہایت افسوسناک ہے۔ شام ہمارا اہم میدان ہے اور ہم دونوں کے درمیان بہت سے اجتماعی و تاریخی مشترکات وجود رکھتے ہیں۔ شام کی صورتحال کے حوالے سے فالح الفیاض نے کہا کہ ہماری فورس عراق کی مسلح افواج کے سربراہ کی کمان میں ہے۔ ہم آرمی چیف کے کسی بھی حکم کے پابند ہیں۔ تاہم ہم نے شام میں ہونے والی پیش رفت پر ابھی تک کوئی موقف اختیار نہیں کیا۔ ہم اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ ظلمتوں کے شیاطین دوبارہ سے عراق کی سلامتی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کریں۔


خبر کا کوڈ: 1178920

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1178920/ہم-نے-ابھی-تک-شام-کے-حوالے-سے-حتمی-فیصلہ-نہیں-کیا-الحشد-الشعبی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com