QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ بلوچستان کے پاس کانسٹیبل جتنے اختیارات بھی نہیں، ساجد ترین

17 Dec 2024 23:08

اپنے بیان میں بی این پی رہنماء ساجد ترین نے کہا کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ لاپتہ افراد بلوچستان کا بنیادی مسئلہ ہے اور جب تک اسے حل نہیں کیا جاتا یہاں امن قائم نہیں ہوسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت کی کوئی رٹ نہیں ہے۔ صوبے میں وزیراعلیٰ کے پاس ایک کانسٹیبل جتنے اختیارات بھی نہیں ہے۔ امن و امان کی صورتحال دن بہ دن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے نہ مناسب تعلیم ہے نہ روزگار موجود ہیں۔ دوسری طرف طلباء کو زبردستی ان کے ہاسٹل سے نکالا جاتا ہے۔ بی ایم سی کی مثال ہمارے سامنے ہیں، جبکہ بلوچستان یونیورسٹی کی حالت یہ ہے کہ اساتذہ کو تنخواہیں بھی وقت پر نہیں مل پا رہی ہیں۔

بی این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہزاروں نوجوانوں کو اغواء کرکے قتل کیا گیا جبکہ باقی جو نوجوان تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان کے سامنے جان بوجھ کر رکاؤٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ بلوچستان کو پوائنٹ آف نو ریٹرن پر لے جایا گیا ہے۔ ہم بلوچستان کے طلباء اور تمام مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن پلیٹ فارم پر ان کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ لاپتہ افراد بلوچستان کا بنیادی مسئلہ ہے اور جب تک اسے حل نہیں کیا جاتا یہاں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ جب تک بلوچستان کے عوام کے تحفظات دور نہیں کئے جاتے بلوچستان میں ہتھیاروں کے ذریعے چیزوں کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1178919

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1178919/وزیراعلی-بلوچستان-کے-پاس-کانسٹیبل-جتنے-اختیارات-بھی-نہیں-ساجد-ترین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com