QR CodeQR Code

ہمارے اور امریکہ کے درمیان میزائل و ڈرونز کا پیغام ہے، محمد علی الحوثی

17 Dec 2024 22:28

اپنے ایک بیان میں یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے رکن کا کہنا تھا کہ اس وقت امریکہ نے جتنا پیسہ اسرائیل کو بچانے میں خرچ کیا ہے، 2015ء میں خلیج فارس کے عرب ممالک نے اس سے کہیں زیادہ امریکی اسلحہ خریدنے پر صرف کر دیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے رکن "محمد علی الحوثی" نے کہا کہ غزہ میں جتنی بھی قتل و غارت گری دیکھنے میں آ رہی ہے اس سے پہلے یمن میں امریکی-سعودی-اماراتی اتحاد کے ذریعے جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی-برطانوی اتحاد ہمیں غزہ کی مدد سے نہیں روک سکتا۔ محمد علی الحوثی نے اس بات کی وضاحت کی کہ اس وقت امریکہ نے جتنا پیسہ اسرائیل کو بچانے میں خرچ کیا ہے، 2015ء میں خلیج فارس کے عرب ممالک نے اس سے کہیں زیادہ امریکی اسلحہ خریدنے پر صرف کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ چاہتا ہے کہ ہم فلسطینیوں کی مدد سے پیچھے ہٹ جائیں تو وہ غزہ پر اپنے حملے بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ یمن پر کسی بھی صیہونی حماقت کے نتیجے میں ہماری کارروائیاں کم نہیں ہوں گی۔ ہم اسرائیلی دھمکیوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتے۔ اسرائیلی اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ الحدیدہ پر صیہونی حملوں کے باوجود غزہ کے لئے یمن کی حمایت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
 

محمد علی الحوثی نے شام کی صورت حال کی جانب بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ہونے والی پیش رفت کا یمن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر شامی عوام اسرائیل کا مقابلہ کرنا چاہتی ہےتو یمن اس کی مدد کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے شام کی صورت حال کے تناظر میں یمنی عوام کے خلاف جاری نفسیاتی ہتھکنڈوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یمن کا انقلاب جاری و ساری ہے۔ ہم نے اپنے ملک سے غیر ملکی قبضے کے خاتمے کی بھاری قیمت چکائی ہے۔ ہم کشیدگی میں کمی کے مرحلے پر ہیں لیکن اگر ہمارے خلاف جارحیت کا دوبارہ آغاز ہوتا ہے تو یقیناََ ہم ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں گے۔ اس یمنی عہدیدار نے کہا کہ امریکہ کوشش کر رہا ہے کہ پہلے سے کھیلے گئے پتوں کا دوبارہ استعمال کرے۔ اسی وجہ سے اسے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو رہی۔ ہمارے اور امریکہ کے درمیان میزائل و ڈرونز کا پیغام ہے۔


خبر کا کوڈ: 1178916

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1178916/ہمارے-اور-امریکہ-کے-درمیان-میزائل-ڈرونز-کا-پیغام-ہے-محمد-علی-الحوثی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com