QR CodeQR Code

ترکی کی شام میں مداخلت اسرائیل کی مدد اور امت مسلمہ سے خیانت یے، علامہ جواد نقوی

15 Dec 2024 12:53

ٹی بی یو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کیلئے شام میں دہشت گردوں کو وارد کیا گیا، عرب حکمرانوں کا کوئی دین نہیں، عرب حکمران امریکہ سے بھی بڑے اسرائیل کے مددگار ہیں، ترکی کی شام میں مداخلت اور دہشتگردوں کی سرپرستی اور انکو شام میں وارد کرنا محض شام کیخلاف ایک سازش نہیں، بلکہ پورے عالمِ اسلام کیلئے ایک کھلی خیانت ہے، یہ منافقانہ کردار امتِ مسلمہ کے اتحاد پر کاری ضرب ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداریِ امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا خطاب میں کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی، معصوم بچوں کی لاشوں کے انبار لگا دیئے اور حزب اللہ پر وحشیانہ حملے کر کے خطے کو آگ میں جھونک دیا اور امت مسلمہ کی اہم قیادتوں کو شہید کر دیا تو ایسے نازک اور کڑے وقت میں ترکی نے ایک بار پھر امت مسلمہ کیخلاف منافقت کی۔ انہوں نے کہا کہ طیب اردگان، جس نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کا کردار ادا کیا، آج بھی اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کیلئے شام میں  دہشتگردوں کو وارد کیا اور شام کو ان دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر اسرائیل کے مفادات کا محافظ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی شام میں مداخلت اور دہشتگردوں کی سرپرستی اور انکو شام میں وارد کرنا محض شام کیخلاف ایک سازش نہیں، بلکہ پورے عالمِ اسلام کیلئے ایک کھلی خیانت ہے، یہ منافقانہ کردار امتِ مسلمہ کے اتحاد پر کاری ضرب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت بیدار ہو، حقائق کو پہچانے اور ترکی کے ناپاک سازشی عناصر کو بے نقاب کرے تاکہ ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے، یہ خیانت صرف ایک ملک تک محدود نہیں، بلکہ یہ امتِ مسلمہ کی وحدت اور استحکام کو سبوتاژ کرنے اور اسرائیل کو مضبوط کرنے کی گہری سازش ہے۔ علامہ جواد نقوی کا کہنا تھا کہ شام پر ایک امریکی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ کے قبضے کو سمجھنے کیلئے عرب ممالک کی سیاسی ساخت کا گہرائی سے جائزہ لینا ضروری ہے، شام سمیت دیگر عرب ممالک، جیسے سعودی عرب، ترکی، مراکش، الجزائر اور مصر، میں حکمرانی کا نظام بنیادی طور پر آمریت پر مبنی ہے، ان ممالک کے حکمران اپنی مرضی کو قانون کا درجہ دیتے ہیں، بڑی طاقتوں کے سامنے غلامی اختیار کیے ہوئے ہیں اور عیش پرستی و ذاتی مفادات میں گم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا نام لے کر یہاں انتخابات محض ایک تماشا ہیں، جیسا کہ مصر میں عبدالفتح السیسی کی حکومت، ان حکمرانوں کی ظاہری دین داری محض ایک پردہ ہے، جبکہ حقیقت میں یہ اقتدار پرست، بے ضمیر اور دین سے عملاً دور ہیں۔ ان کی بے حسی اور اقتدار کی ہوس نے ان ممالک کو کمزور کیا، جس کا فائدہ بڑی طاقتوں نے اٹھایا اور دہشتگرد گروہوں کو مہرے بنا کر اپنی سازشوں کو عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکمران اپنی عوام کے حقوق کے تحفظ کے بجائے اپنے اقتدار کو بچانے میں مصروف رہتے ہیں، اور یہی کمزوری دشمنوں کیلئے راستہ ہموار کرتی ہے، شام پر دہشتگرد گروہوں کا قبضہ بھی اسی پس منظر کا نتیجہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1178391

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1178391/ترکی-کی-شام-میں-مداخلت-اسرائیل-مدد-اور-امت-مسلمہ-سے-خیانت-یے-علامہ-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com