QR CodeQR Code

ججز سوشل میڈیا کا استعمال نہ کریں اور نہ ہی فیصلوں پر تبصرہ کریں، سپریم کورٹ

13 Dec 2024 08:50

بنچ کو بتایا گیا کہ ایک خاتون عدالتی افسر نے فیس بک پر کچھ پوسٹ کیا تھا جو اس مواد کا حصہ تھا جسکی بنیاد پر اسے ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ آف انڈیا نے کہا کہ ججوں کو سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کرنا چاہیئے اور انہیں اس پر کوئی رائے بھی ظاہر نہیں کرنی چاہیئے۔ جسٹس ناگ رتنا اور جسٹس این کے سنگھ کی بنچ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی طرف سے بر طرف دو خواتین جوڈیشل افسران کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کر رہی تھی۔ بنچ کو بتایا گیا کہ ایک خاتون عدالتی افسر نے فیس بک پر کچھ پوسٹ کیا تھا جو اس مواد کا حصہ تھا جس کی بنیاد پر اسے ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا۔ سینئر وکیل گورو اگروال نے افسر کے خلاف مختلف شکایات پڑھ کر سنائیں۔ اگروال نے کہا کہ افسر نے فیس بک پر ایک پوسٹ بھی کی تھی اور اس شکایت سے متعلق فائل کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے روک دیا تھا۔ جہاں جسٹس ناگ رتنا نے فیس بک پر جج کی پوسٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

جسٹس ناگ رتنا نے کہا "ان عدالتی افسران کو فیس بک پر نہیں جانا چاہیئے، انہیں فیصلے پر تبصرہ بھی نہیں کرنا چاہیئے کیونکہ کل اگر فیصلے کا حوالہ دیا جاتا ہے، تو جج پہلے ہی کسی نہ کسی طرح اپنی بات کہہ چکے ہوں گے"۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک کھلا پلیٹ فارم ہے اور یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے عوام میں بولنا۔ خواتین جوڈیشل افسران میں سے ایک کی نمائندگی کرنے والی ایک وکیل نے اس مشاہدے سے اتفاق کیا اور کہا کہ کسی بھی عدالتی افسر یا جج کو فیس بک پر عدالتی کام سے متعلق کوئی بھی پوسٹ نہیں کرنی چاہیئے۔ تاہم وکیل نے کہا کہ جس پوسٹ کا حوالہ دیا جا رہا ہے وہ عدالتی بے ضابطگی کی حد سے تجاوز نہیں کرتا۔ جسٹس ناگ رتنا نے کہا "اگر آپ آزادی چاہتے ہیں، تو آپ ہائی کورٹ میں ترقی قبول نہ کریں اور کہیں کہ ہم اپنی آزادی کو اہمیت دیتے ہیں اور ہم ضبط کے تحت نہیں رہ سکتے"۔


خبر کا کوڈ: 1178044

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1178044/ججز-سوشل-میڈیا-کا-استعمال-نہ-کریں-اور-ہی-فیصلوں-پر-تبصرہ-سپریم-کورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com