QR CodeQR Code

سول نافرمانی کی تلوار لٹکانے کی بجائے مذاکرات کریں، عرفان صدیقی

13 Dec 2024 01:16

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کا حق ہے، لیکن کیا پرامن احتجاج الجہاد اور مارو کے نعروں سے ہوتا ہے؟ کہاں ایسا پرامن احتجاج کیا جاتا ہے جہاں آپ آنسو گیس لے کر چلیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کو پیغام دیا ہےکہ سول نافرمانی کی تلوار لٹکانے سے مذاکرات نہیں ہوتے، ایسا نہ کریں، اگر پی ٹی آئی بات کرنا چاہتی ہے تو سو بسم اللہ ہم تیار ہیں۔ سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کا حق ہے، لیکن کیا پرامن احتجاج الجہاد اور مارو کے نعروں سے ہوتا ہے؟ کہاں ایسا پرامن احتجاج کیا جاتا ہے جہاں آپ آنسو گیس لے کر چلیں، کہاں پرامن احتجاج کیا جاتا ہے جہاں مارو یا مر جانے کا نعرہ لگا کر چلیں؟۔ سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ اس بار احتجاج کی کوئی درخواست نہیں دی گئی، کوئی اجازت نہیں مانگی گئی، ہم نے مذاکرات کے کبھی دروازے بند نہیں کیے، ہم چاہتے ہیں بات ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ بعد ازاں نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ برف پڑ ضرور  رہی ہے لیکن پگھلی نہیں ہے، پہلے بھی مذاکرات کے بعد ان کی ٹیم خوشی خوشی گئی تو بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات سے انکار کردیا تھا۔ دوسری جانب گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کا مذاکرات کے لیے اپنی اپنی پارٹیوں میں سخت گیر مؤقف رکھنے والوں کو سمجھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی کہتے ہیں کہ مذاکرات شروع ہوئے تو سول نافرمانی کی کال واپس لے لی جائے گی ، ورنہ دوسری صورت میں حکومت سول نافرمانی تحریک کے لیے تیار ہوجائے۔


خبر کا کوڈ: 1178009

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1178009/سول-نافرمانی-کی-تلوار-لٹکانے-بجائے-مذاکرات-کریں-عرفان-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com