بھارتی پولیس کا تحریک حریت کے دفتر پر چھاپہ
12 Dec 2024 08:53
ذرائع کے مطابق پولیس نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں شہید قائد کے گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس اہلکاروں نے سید علی گیلانی کے کمرے کی خاص طور پر تلاشی لی اور کمرے میں موجود ان کی کتب اور اہم دستاویزات وغیرہ ضبط کر لیں۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے بزرگ کشمیری حریت قائد سید علی گیلانی شہید کے گھر پر آج سرینگر میں چھاپہ مارا۔ پولیس نے سرینگر میں تحریک حریت جموں و کشمیر کے دفتر کی بھی تلاشی لی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں شہید قائد کے گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس اہلکاروں نے سید علی گیلانی کے کمرے کی خاص طور پر تلاشی لی اور کمرے میں موجود ان کی کتب اور اہم دستاویزات وغیرہ ضبط کر لیں۔ دریں اثنا پولیس نے حیدر پورہ مومن آباد میں ہی واقع تحریک حریت جموں و کشمیر کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا۔ پولیس دفتر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی اور تلاشی لی۔ پولیس نے دفتر میں موجود اہم دستاویزت ضبط کر لیں۔ دونوں چھاپوں کی قیادت بڈگام تھانے کے ایس ایچ او نے کی۔ یاد رہے کہ بھارت نے تحریک حریت جموں و کشمیر کو ایک ممنوعہ جماعت قرار دے رکھا ہے۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی شہید کے گھر اور تحریک حریت کے دفتر پر چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے سید علی گیلانی کو دس برس سے زائد عرصے تک مسلسل گھر میں نظر بند رکھا اور نظر بندی کے دوران ہی وہ شہادت کا رتبہ پا گئے، ان کے گھر پر چھاپہ بھارتی بوکھلاہٹ کا واضح عکاس ہے۔
خبر کا کوڈ: 1177876